Masarrat
Masarrat Urdu

کولکاتہ کے رتوراج ہوٹل میں لگی آگ ، 14 لوگوں کی موت

Thumb

کولکتہ، 30 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) وسطی کولکتہ کے براڑبازار میں پھلپٹی مچھوا کے قریب رتوراج ہوٹل میں آگ لگنے سے 14 افراد کی موت ہوگئی۔

پولیس نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ کولکتہ پولیس کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا ’’منگل کی رات رتوراج ہوٹل میں آگ لگ گئی۔ اب تک 14 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ کئی لوگوں کو ہنگامی ٹیموں نے بچا لیا ہے‘‘۔ موقع پر پہنچے کولکتہ کے پولیس کمشنر منوج کمار ورما نے کہا ’’مقام گاڑھا دھواں بھرا ہوا تھا اور زیادہ تر متاثرین کی موت دم گھٹنے سے ہوئی۔ ایک شخص کی چھت سے چھلانگ لگا کر جان بچانے کی کوشش کے دوران موت ہوئی‘۔ انہوں نے بتایا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ آگ لگنے کی وجہ جاننے کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے۔
مسٹر ورما نے کہا کہ اگر کوئی غفلت یا بے ضابطگی پائی جاتی ہے تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
موصولہ اطلاع کے مطابق فائر بریگیڈ کی دس گاڑیاں موقع پر روانہ کی گئیں۔ تقریباً آٹھ گھنٹے کی کوشش کے بعد فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا۔ ریسکیو کام تاحال جاری ہے۔
واضح رہے کہ یہ ہوٹل سینٹرل ایونیو اور بدھان سرانی کو جوڑنے والی سڑک پر واقع ہے اور یہ کافی بھیڑ بھاڑ والا راستہ ہے۔ میئر فرہاد حکیم نے منگل کی رات ہی جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا ’’آگ دوسری منزل سے شروع ہوئی اور تیزی سے عمارت کی دیگر منزلوں تک پھیل گئی۔ فائر فائٹرز فی الحال متاثرہ علاقوں کو ٹھنڈا کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ امدادی کارروائیاں بحفاظت جاری رہ سکیں۔ ایک فارنسک ٹیم کی جائے وقوعہ پر آمد متوقع ہے  اور ان کی تحقیقات کے بعد ہی آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی۔‘‘

Ads