تہران، 24 فروری (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ افریقی براعظم کے ساتھ تعلقات اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کا ایک مستقل اور اسٹریٹجک ستون ہیں، جو باہمی مفادات اور طویل المدتی تعاون پر مبنی ہیں۔
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق صدر پزشکیان نے تہران میں برکینا فاسو کے وزیر دفاع سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی نظر میں افریقی ممالک ہمیشہ سے خصوصی اہمیت کے حامل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تہران متوازن خارجہ پالیسی کے تحت افریقی ریاستوں کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں ہمہ جہت تعاون کو فروغ دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے ایران اپنی سائنسی، صنعتی اور دفاعی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے برکینا فاسو کی قیادت اور عوام کے آزادی پسند جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی اتحاد اور عزم کے ذریعے دہشت گردی اور انتہاپسندی جیسے چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر برکینا فاسو کے وزیر جنگ و دفاع نے ملاقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی حکومت اور عوام کو ماہِ رمضان کی آمد پر مبارکباد دی۔ انہوں نے پابندیوں اور بیرونی دباؤ کے باوجود ایرانی قوم کی استقامت کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر دفاع نے گزشتہ چار دہائیوں میں ایران کی نمایاں پیش رفت، بالخصوص دفاعی صنعت اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں قومی خود انحصاری اور مؤثر قیادت کا ثبوت ہیں۔
