Masarrat
Masarrat Urdu

ایران کے معاملے پر اعلی ترین سطح پر بات چیت جاری ہے، صدر ٹرمپ

  • 26 Apr 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

واشنگٹن، 26 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے اعلی سطح پر بات چیت جاری ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعوی کیا ہے کہ ایران کے ساتھ معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور واشنگٹن اس معاملے پر اعلی ترین سطح پر کام کررہا ہے۔

انہوں نے پوپ فرانسس کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے اٹلی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایران کے ساتھ بالواسطہ جوہری مذاکرات اور غزہ کی صورت حال پر بات کی۔

انہوں نے ایران کے بارے میں کہا کہ صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور ہم ایران کے معاملے پر سب سے اعلی سطح پر کام کر رہے ہیں۔

غزہ کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی حکومت غزہ کے لیے خوراک اور ادویات کی فراہمی کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے اور انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے غزہ کے ساتھ نرمی سے پیش آنے کی درخواست کی ہے۔

Ads