Masarrat
Masarrat Urdu

وراٹ کی سنچری سے پاکستان کو شکست

Thumb

دبئی، 23 فروری (مسرت ڈاٹ کام) کلدیپ یادو (تین وکٹ) اور ہاردک پانڈیا (دو وکٹ) کی شاندار گیند بازی کے بعد، وراٹ کوہلی کی سنچری (ناٹ آؤٹ 100) اور شریئس ایر (56) کی نصف سنچری  اننگز کی بدولت ہندوستان نے اتوار کو  چمپئنس ٹرافی کے پانچویں میچ میں 45 گیندیں باقی رہتے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان کے 241 کے اسکور کے جواب میں بیٹنگ کے لیے آنے والی ہندوستان کی اوپننگ جوڑی روہت شرما اور شبھمن گل نے تیز شروعات کرنے کی کوشش کی۔ پانچویں اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے روہت شرما (20) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی بیٹنگ کے لیے آئے نے شبمن گل کے ساتھ مل کر محاذ سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسرے وکٹ کے لیے 69 رن کی شراکت ہوئی۔ 18ویں اوور میں ابرار احمد نے شبھمن گل کو آؤٹ کر کے پاکستان کو دوسری کامیابی دلائی۔ شبھمن گل نے 52 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے (46) رنز بنائے۔ اس کے بعد شریئس ایر بیٹنگ کے لیے آئے اور وراٹ کوہلی کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 114 رنز کی شراکت قائم کرکے ہندوستان کی جیت یقینی بنادی۔ 39ویں اوور میں خوشدل شاہ نے شریئس کو امام الحق کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ شریئس نے 57 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے (56) رنز بنائے۔ ہاردک پانڈیا (آٹھ) کو شاہین شاہ آفریدی نے کیچ کیا۔ وراٹ کوہلی نے 43ویں اوور کی تیسری گیند پر چوکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی اور ہندوستان کو چھ وکٹوں سے فتح دلائی۔ اکشر پٹیل (تین) ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے دو وکٹ حاصل کئے۔ خوشدل شاہ اور ابرار احمد نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آج یہاں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے  ٹاس جیتنے کے بعد  پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
بیٹنگ کے لیے آتے ہوئے پاکستان کی اوپننگ جوڑی امام الحق اور بابر اعظم نے محتاط انداز میں آغاز کیا اور پہلے  وکٹ کے لیے 47 رنز جوڑے۔ نویں اوور میں ہاردک پانڈیا نے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی جب انہوں نے بابر اعظم (23) کو کے ایل راہل کے ہاتھوں کیچ کرا یا۔ اسکور میں صرف چھ مزید رنز کا اضافہ ہوا جب اکشر پٹیل نے امام الحق (10) کو رن آؤٹ کردیا۔ اس کے بعد سعود شکیل اور کپتان محمد رضوان کی جوڑی نے ذمہ داری سنبھالی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسرے وکٹ کے لیے 104 رنز کی شراکت ہوئی۔ 33ویں اوور میں اکشر پٹیل نے محمد رضوان (46) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو تیسری کامیابی دلائی۔ 36ویں اوور میں ہاردک پانڈیا نے سعود شکیل کو آؤٹ کر کے پاکستان کو بڑا دھچکا دیا۔ سعود شکیل نے 76 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے (62) رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ طیب طاہر (چار) کو رویندر جڈیجہ نے بولڈ کیا۔ کلدیپ نے 43ویں اوور میں آغا سلمان (19) کا وکٹ حاصل کیا۔ اسی اوور میں کلدیپ نے شاہین شاہ آفریدی (0) کو بھی آؤٹ کیا۔ 47ویں اوور میں کلدیپ نے نسیم شاہ (14) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو آٹھویں کامیابی دلائی۔ حارث رؤف (آٹھ) رن پر آؤٹ ہوئے۔ 49ویں اوور کی چوتھی گیند پر ہرشیت رانا نے کوہلی کے ہاتھوں خوشدل شاہ کو آؤٹ کراکر  پاکستان کو 241 تک محدود کر دیا۔ خوشدل نے 39 گیندوں میں دو چھکوں کی مدد سے (38) رنز بنائے۔ آج کے میچ میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو پاکستانی بلے بازوں کو رن آؤٹ کیا۔
ہندوستان کی جانب سے کلدیپ یادو نے تین وکٹ حاصل کئے۔ ہاردک پانڈیا نے دو وکٹ حاصل کئے۔ اکشر پٹیل، ہرشیت رانا اور رویندرا جڈیجہ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
یواین آئی۔ این یو۔

Ads