Masarrat
Masarrat Urdu

جیسوال کی سنچری، ہندوستان بڑی برتری کی طرف

Thumb

پرتھ، 24 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) یشسوی جیسوال (ناٹ آؤٹ 144) کی سنچری اور کے ایل راہل (77) کی شاندار اننگز کی بنیاد پر ہندوستان نے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن اتوار کو ایک وکٹ پر 275 رن بنانے کے ساتھ ہی 321 رنوں کی برتری حاصل کرتے ہوئے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔

ہندوستان نے آج صبح کل کے 172 رنوں کے اسکور سے کھیلنا شروع کیا۔ اسکور میں ابھی 29 رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ مچل اسٹارک نے کے ایل راہل (77) کو وکٹ کیپر کیری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کر 201 رنز کی شراکت داری توڑ دی۔
اس دوران یشسوی جیسوال نے اپنی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے اپنی سنچری مکمل کرنے کے لیے 205 گیندیں لیں۔ اس کے ساتھ وہ آسٹریلیا میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ سنچری بنانے والے ہندوستانی بلے باز بن گئے۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آئے دیو دت پڈیکل نے جیسوال کے ساتھ محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔ کھانے کے وقت تک ہندوستان نے ایک وکٹ پر 275 رنز بنا لیے تھے اور اس کی برتری 321 رنز تک پہنچ گئی ہے۔ لنچ کے وقت یشسوی جیسوال (ناٹ آؤٹ 144) اور دیودت پڈیکل (ناٹ آؤٹ 25) رنز بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے واحد وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ہندوستان کی پہلی اننگز 58.3 اوورز میں 150 رنز پر سمٹ گئی تھی۔ نتیش ریڈی نے 41 رنز، پنت نے 37 رنوں کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 29 رنز کے عوض چار اور مچل اسٹارک نے 14 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا پہلی اننگ میں 51.2 اوورز میں 104 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ مچل اسٹارک نے سب سے زیادہ 26 رنز بنائے۔ ہندوستان  کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 30 رنز کے عوض پانچ اور ہرشیت رانا نے 48 رن دے کرتین وکٹیں حاصل کیں۔

Ads