Masarrat
Masarrat Urdu

اولی نے 21 وزراء کے ساتھ نیپال کے نئے وزیر اعظم کے طور پر حلف لیا

Thumb

کھاٹمانڈو، 15 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) نیپال کی کمیونسٹ پارٹی (یونیفائیڈ مارکسسٹ لیننسٹ) (سی پی این-یوایم ایل) کے صدر کے پی شرما اولی نے پیر کو نیپال کے نئے وزیر اعظم کے طور پر حلف لیا۔

مسٹر اولی کے ساتھ 21 نئے وزراء نے بھی عہدہ اور رازداری کا حلف لیا۔
صدر رام چندر پوڈیل نے 72 سالہ مسٹر اولی کو عہدے کا حلف دلایا۔ مسٹر اولی نے چوتھی بار وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا ہے۔
صدارتی پریس ایڈوائزر کرن پوکھرل نے ژنہوا کو بتایا، "صدر نے 21 وزراء کے ساتھ وزیر اعظم کے پی شرما اولی کو عہدے کا حلف دلایا۔"
نیپال کانگریس پارٹی کے صدر اور سابق وزیر اعظم شیر بہادر دیوبا کی اہلیہ آرزو رانا دیوبا وزیر خارجہ بنیں۔
پچیس رکنی کابینہ میں اب تین وزرائے مملکت کی کمی ہے۔
یکم جولائی کی رات نیپالی کانگریس پارٹی کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت مسٹر اولی چار پارٹیوں کی مخلوط حکومت کے سربراہ بنے۔

سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم پشپ کمل دہل نے جمعہ کو ایوان نمائندگان میں اعتماد کا ووٹ کھونے کے بعد اقتدار میں رہنے کا مینڈیٹ کھو دیا، کیونکہ سی پی این-یوایم ایل نے اتحاد سے اپنی حمایت واپس لے لی۔ اس کے بعد اتوار کی شام مسٹر اولی کو وزیر اعظم نامزد کیا گیا۔

ایوان زیریں کی سب سے بڑی جماعتوں کے طور پر، نیپالی کانگریس پارٹی اور سی پی این-یوایم ایل نے 2027 میں اگلے عام انتخابات تک باری باری وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر اتفاق کیا ہے۔
جنوبی ایشیائی ملک میں نومبر 2022 میں ہونے والے عام انتخابات میں کسی بھی ایک پارٹی نے ایوان زیریں میں اکثریت حاصل نہیں کی۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کھڑگ پرساد شرما اولی کو نیپال کا وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دی ہے۔

مسٹر مودی نے پیر کو سوشل میڈیا پر ایک مبارکبادی پیغام میں کہا”کے پی شرما اولی کو نیپال کے وزیر اعظم کے طور پر آپ کی تقرری پر مبارکباد۔"
اپنے مبارکبادی پیغام میں مودی نے کہا، "ہم اپنے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے گہرے رشتوں کو مزید مضبوط کرنے اور اپنے لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔"نیپال میں مسٹر پشپ کمل دہل پرچنڈ کی حکومت اقلیت میں آنے کے بعد کمیونسٹ پارٹی آف نیپال (یو ایم ایل) کے رہنما کے پی شرما اولی نیپالی کانگریس کی حمایت سے دوبارہ وزیر اعظم بن گئے ہیں۔

کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑ گے نے نیپال کا وزیر اعظم بننے پر مسٹر کے پی شرما اولی کو مبارکباد دی ہے۔
مسٹر کھڑگے نے کہا کہ نیپال اور ہندوستان کے لوگوں کے درمیان گہرے ثقافتی رشتے ہیں۔ دونوں ممالک کے شہریوں کے درمیان رشتہ داری ہے اور باہمی تعلقات بہت گہرے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ مسٹر اولی کی تاجپوشی سے یہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
کانگریس صدر نے اپنے پیغام میں کہا، ’’کانگریس کی جانب سے نیپال کے نو منتخب وزیر اعظم کے پی شرما اولی کو نیک خواہشات۔‘‘
انہوں نے کہا، "نیپال ہمارا قریبی پڑوسی ہے اور ہم، ہندوستان اور نیپال، دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان رشتہ داری اور ثقافت کے گہرے رشتوں کی وجہ سے گہری دوستی اور شراکت داری کا منفرد رشتہ رکھتے ہیں۔ ہر ہندوستانی روشن مستقبل کے لیے نیپال کے ساتھ باہمی تعاون اور تعلقات کے بندھن کو مزید مضبوط کرنے کے لئے تیار ہے۔
 

Ads