Masarrat
Masarrat Urdu

دہلی حکومت نے محلہ بس سروس کا ٹرائل شروع کیا

Thumb

نئی دہلی، 15 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) دہلی میں مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت نے پیر کو محلہ بس سروس کا ٹرائل شروع کیا جو سات دنوں تک چلے گا۔

دہلی کے ٹرانسپورٹ کے وزیر کیلاش گہلوت نے نامہ نگاروں کو بتایا، "محلہ بس خدمات کا آغاز دہلی میں لاسٹ مائل کنیکٹوٹی بڑھانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ یہ بسیں سڑک کی محدود چوڑائی اور زیادہ بھیڑ والے علاقوں کے لیے بنائی گئی ہیں۔ اس ٹرائل کے ذریعے ہم مسافروں سے ان کے تجربے کی بنیاد پر ضروری فیڈ بیک اکٹھا کر رہے ہیں جو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے لیا جائے گا کہ محلہ بسوں کی سروس کو دہلی کے تمام علاقوں تک پھیلایا جائے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ آج سے شروع ہونے والا ٹرائل سات دن تک چلے گا اور فی الحال پردھان انکلیو پشتہ سے مجلس پارک میٹرو اسٹیشن اور اکشردھام میٹرو اسٹیشن سے میور وہار فیز III پیپر مارکیٹ تک چلے گا۔
آسانی سے شناخت کے لیے محلہ بسوں کا رنگ سبز رکھا گیا ہے۔ محلہ بسوں میں 25 فیصد سیٹیں گلابی رنگ کی  ہیں، جو صرف خواتین مسافروں کے لیے مخصوص ہیں۔ ان نو میٹر محلہ بسوں میں 23 مسافروں کی سیٹیں اور 13 مسافروں کے کھڑے ہونے کی گنجائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ محلہ بس اسکیم کا مقصد دہلی کے لوگوں کو 9 میٹر لمبی الیکٹرک بسوں کے ذریعے ان کے گھروں کے قریب فیڈر بس خدمات فراہم کرنا ہے۔ کیجریوال حکومت 2025 تک کل ملاکر 2,180 ایسی بسیں متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے، جو خاص طور پر ان علاقوں کے لیے ہوں گی جہاں سڑک کی چوڑائی محدود ہے یا بھیڑ ہے۔

Ads