Masarrat
Masarrat Urdu

امریکہ بنگلہ دیش کے انتخابی عمل کو کمزور کرنے والے بنگلہ دیشیوں کے ویزے پر پابندی لگائے گا

  • 25 May 2023
  • ظفر اقبال
  • دنیا
Thumb

ڈھاکہ، 25 مئی (مسرت ڈاٹ کام) امریکہ نے بنگلہ دیش میں آزادانہ، منصفانہ اور پرامن عام انتخابات کے انعقاد کے مقصد کی حمایت کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کیا ہے۔

یہ پالیسی جمہوری انتخابی عمل کو نقصان پہنچانے کے ذمہ دار کسی بھی بنگلہ دیشی کوامریکی ویزا جاری کرنے سے روکے گی۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی جے بلنکن نے ایک بیان میں یہ اعلان کیا۔ مسٹر بلنکن نے کہا، "میں آزاد، منصفانہ اور پرامن قومی انتخابات کے انعقاد کے بنگلہ دیش کے ہدف کی حمایت کے لئے امیگریشن اینڈ نیشنلٹی ایکٹ کے سیکشن 212 (اے) (3) (سی) (3سی) کے تحت آج ایک نئی ویزا پالیسی کا اعلان کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت امریکہ کسی بھی بنگلہ دیشی کا ویزا بلاک کر سکے گا۔ ایسا شخص جسے بنگلہ دیش میں جمہوری انتخابی عمل کوکمزور کرنے کے لئے ذمہ دار خیال کیاجائے گا اس کے امریکی ویزا پر پابندی عائد کی جائے گی۔
امریکی وزیر خارجہ نے بیان میں کہا کہ "اس میں موجودہ اور سابق بنگلہ دیشی حکام، حکومت کے حامی اور اپوزیشن سیاسی جماعتوں کے ارکان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں، عدلیہ اور سیکورٹی سروسز کے ارکان بھی شامل ہیں"۔
مسٹر بلنکن نے کہا کہ جمہوری انتخابی عمل کو نقصان پہنچانے کے عوامل میں ووٹوں میں دھاندلی، ووٹر زکو ڈرانا دھمکانا، لوگوں کوتنظیم سازی اور پرامن اجلاس کے انعقاد کے حق کے استعمال سے روکنا اور سیاسی جماعتوں، ووٹرز، سول سوسائٹی یا میڈیا کواپنے خیالات کی تشہیر سے وکنا شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ نے گزشتہ 3 مئی کو بنگلہ دیش کی حکومت کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہر کسی کی ذمہ داری ہے، جس میں ووٹرز، سیاسی جماعتیں، حکومت، سیکیورٹی فورسز، سول سوسائٹی اور میڈیا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’میں ان تمام لوگوں کی حمایت کرتا ہوں جو بنگلہ دیش میں جمہوریت کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں اور اس پالیسی کا اعلان کرتاہوں۔‘‘

Ads