188 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور اس نے محض 51 رنز کے اسکور تک اپنی پانچ وکٹیں گنوا دیں۔ ایشان کشن (صفر)، تلک ورما (ایک)، ابھیشیک شرما (15)، واشنگٹن سندر (11) اور سوریہ کمار یادو 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد شیوم دوبے اور ہاردک پانڈیا نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ 15ویں اوور میں کیشو مہاراج نے ہاردک پانڈیا (18) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑ دیا۔ اسی اوور میں انہوں نے رنکو سنگھ (صفر) اور ارشدیپ سنگھ (ایک) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ 19ویں اوور میں مارکو یانسن نے شیوم دوبے کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کو نویں کامیابی دلائی۔ شیوم دوبے نے 37 گیندوں میں ایک چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے۔ اسی اوور کی پانچویں گیند پر یانسن نے جسپریت بمراہ (صفر) کو آؤٹ کر کے 111 رنز کے اسکور پر بھارتی اننگز کا خاتمہ کر دیا اور مقابلہ 76 رنز سے اپنے نام کر لیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو یانسن نے چار وکٹیں حاصل کیں، کیشو مہاراج کو تین وکٹیں ملیں، جبکہ کاربن بوش نے دو اور ایڈن مارکرم نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل، جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بّلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے اتری جنوبی افریقہ کی شروعات بھی خراب رہی اور اس نے 20 کے مجموعی اسکور پر اپنی تین وکٹیں گنوا دیں۔ کوئنٹن ڈی کاک (چھ)، کپتان ایڈن مارکرم (چار) اور ریان رکلٹن (سات) رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایسے مشکل وقت میں ڈیوڈ ملر اور ڈیوالڈ بریوس کی جوڑی نے اننگز کو سہارا دیا اور چوتھی وکٹ کے لیے 93 رنز جوڑ کر جنوبی افریقہ کی میچ میں واپسی کرائی۔ 13ویں اوور میں شیوم دوبے نے ڈیوالڈ بریوس کو آؤٹ کر کے اس پارٹنرشپ کو ختم کیا۔ بریوس نے 29 گیندوں میں تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔ 16ویں اوور میں ورون چکرورتی نے ڈیوڈ ملر کا شکار کیا۔ ملر نے 35 گیندوں میں سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 63 رنز کی اننگز کھیلی۔
18ویں اوور میں مارکو یانسن (دو) کو ارشدیپ سنگھ نے آؤٹ کیا، جبکہ اگلے ہی اوور میں جسپریت بمراہ نے کاربن بوش (پانچ) کو اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 187 رنز کا چیلنجنگ اسکور بنایا۔ ٹرسٹن اسٹبس نے 24 گیندوں میں ایک چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 44 رنز بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے تین اور ارشدیپ سنگھ نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ورون چکرورتی اور شیوم دوبے نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
