میٹنگ میں آئندہ پارلیمانی اجلاس کے حوالے سے انڈیا اتحاد کی مجوزہ میٹنگ پر بھی غور و خوض ہوگا۔ اس بات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا کہ پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس سے پہلے اپوزیشن اتحاد کی میٹنگ کب بلائی جائے، تاکہ مشترکہ حکمت عملی تیار کی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق، کانگریس نے اپنے تمام ارکان پارلیمنٹ کو 29 نومبر کی صبح 10 بجے تک دہلی پہنچنے کی ہدایت دی ہے۔ پارٹی قیادت نے ارکان پارلیمنٹ کی لازمی موجودگی یقینی بنانے کو کہا ہے۔
اس دوران کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے خواتین کے ریزرویشن اور حلقہ بندی کے معاملے پر پارٹی کا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس لوک سبھا کی موجودہ مجموعی نشستوں کی تعداد اور ریاستوں کے درمیان نشستوں کے موجودہ تناسب کو آئندہ 25 برسوں تک برقرار رکھنے کے حق میں ہے۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی 2029 کے لوک سبھا انتخابات سے خواتین کے لیے ایک تہائی ریزرویشن اور درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کی خواتین کے لیے ریزرویشن کے اندر ریزرویشن نافذ کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کیا ہے۔ لوک سبھا کی میٹنگ 30 نومبر اور راجیہ سبھا کی میٹنگ 2 دسمبر کو ہوگی۔
