Masarrat
Masarrat Urdu

کشمیر میں ممتاز عالمِ دین کو پولیس کے طلب کیے جانے پر شدید برہمی

Thumb

سرینگر، 27 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی، کشمیر کے میرواعظ عمر فاروق اور کئی دیگر مین اسٹریم رہنماؤں نے جمعہ کو الزام لگایا کہ متحدہ مجلس علما (ایم ایم یو) کے سرپرست اور ممتاز اسلامی اسکالر مولانا رحمت اللہ میر قاسمی کو پولیس نے طلب کیا ہے۔ یہ واقعہ جموں و کشمیر وقف بورڈ کی ایک تقریب میں وندے ماترم گائے جانے کے تنازع کے درمیان پیش آیا ہے۔

معمر عالمِ دین کو پولیس کی جانب سے طلب کیے جانے کو ’’انتہائی افسوس ناک‘‘ قرار دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ یہ اختلافِ رائے کا اظہار کرنے والی مذہبی آوازوں کو خوف زدہ کرنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہاکہ ’’کیا اب اختلافِ رائے کا اظہار کرنا جرم بن گیا ہے؟ کیا ضمیر اور اظہار کی آزادی اس بات سے مشروط ہوگئی ہے کہ اقتدار میں موجود لوگوں سے اتفاق کیا جائے؟ کوئی جمہوریت جبراً ہم خیالی مسلط کرنے، خوف زدہ کرنے اور اختلافی آوازوں کو خاموش کرانے کے سہارے زندہ نہیں رہ سکتی۔‘‘

سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مذہبی علما عزت و احترام کے مستحق ہیں، ہراسانی کے نہیں۔ انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کے اقدامات بند کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اظہارِ رائے کی آزادی، مذہبی تنوع اور عقیدے کا احترام بنیادی آئینی اقدار ہیں۔

میرواعظ عمر فاروق نے بھی مولانا قاسمی کو پولیس تھانے طلب کرکے سرزنش کیے جانے پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے سوال کیاکہ ’’کیا اب ہم اپنے مذہبی عقائد اور جذبات کے تحفظ کے لیے آواز بھی نہیں اٹھا سکتے؟ کیا ہمیں اپنے مذہبی خدشات کا اظہار کرنے کا بھی حق حاصل نہیں ہے؟‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ عقیدے کے معاملات، خصوصاً توحید (اللہ کی وحدانیت) کے معاملے میں کسی بھی طرح کی زبردستی برداشت نہیں کی جائے گی۔

سابق رکن پارلیمنٹ روح اللہ مہدی نے بھی مولانا قاسمی کو طلب کیے جانے کو قابلِ مذمت قرار دیا۔ یہ واقعہ متحدہ مجلس علما کی جانب سے مذکورہ معاملے کی مذمت کے بعد پیش آیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ’’اس مرتبے کے ایک معزز مذہبی مبلغ کو ہراساں کرنا حد سے تجاوز کرنے کے مترادف ہے۔ ہم اس واقعے پر جموں و کشمیر پولیس سے فوری وضاحت کا مطالبہ کرتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ یہ پوچھ گچھ کس قانون کے تحت کی گئی؟‘‘

پولیس نے اب تک اس معاملے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

یہ تنازع 23 نومبر کو سرینگر میں منعقدہ وقف ڈے تقریب سے شروع ہوا، جس میں مرکزی وزیر کرن رجیجو، جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن درخشاں اندرابی اور کئی علما نے شرکت کی تھی۔ تقریب میں وندے ماترم کے تمام چھ بند چلائے گئے اور اس دوران کئی علما اور ائمہ کھڑے رہے۔ تقریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مسلم برادری کے بعض حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی۔

شدید ردعمل کے بعد کئی علما نے بعد میں ایک ویڈیو جاری کرکے معذرت کی، اپنے عمل پر افسوس ظاہر کیا، اللہ تعالیٰ سے مغفرت طلب کی اور کلمہ پڑھا۔ کشمیر کے سب سے بڑے دینی ادارے دارالعلوم رحیمیہ کے سربراہ مولانا قاسمی نے اس معذرت کا خیرمقدم کیا اور اپنی غلطی تسلیم کرنے پر ان علما کی ستائش کی۔

متحدہ مجلس علما نے کہا تھا کہ مذکورہ گیت چلانا توحید کے ’’بنیادی اور ناقابلِ سمجھوتہ‘‘ اسلامی اصول کی خلاف ورزی ہے۔

ایم ایم یو نے کہاکہ ’’وطنِ عزیز کو الوہیت کا درجہ دینے والا کوئی بھی اظہار یا عمل توحید کے بنیادی اسلامی عقیدے کے منافی ہے، اس لیے وہ غیر اسلامی ہے اور مسلمانوں کے لیے جائز نہیں ہے۔‘‘

جموں و کشمیر کے مفتیِ اعظم ناصر الاسلام نے بھی اس عمل کو مسلمانوں کے لیے ناجائز قرار دیا، جبکہ ایک اور ممتاز عالم نے دعویٰ کیا کہ متعلقہ علما کے نکاح منسوخ ہوچکے ہیں اور انہیں دوبارہ نکاح کرنا ہوگا۔

 

Ads