تقریب کا باقاعدہ آغاز مہمانانِ گرامی کے استقبال اور حافظ محمد زید نواز کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد معزز مہمانوں کی گلدستے اور یادگاری مومنٹو پیش کر کے پذیرائی کی گئی۔ آرگنائزنگ چیئرمین سید منیر عظمت نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے حکیم عبد الحمید میموریل لیکچر کے اغراض و مقاصد اور اس کی علمی و تحقیقی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں سپورٹ سوسائٹی کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر اجمل اخلاق اورمریم اجمل نے سوسائٹی کی فلاحی و تعلیمی سرگرمیوں اور خدمات کا جامع تعارف پیش کیا۔
لیکچر کے کلیدی مقرر، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن (اے ایم یو، علی گڑھ) کے شعبۂ کلیات کے چیئرمین پروفیسر اشہر قدیر نے اپنے پرمغز اور بصیرت افروز خطاب میں طبِ یونانی کے قدیم علمی ورثے کو جدید سائنسی تحقیق اور شواہد (ایویڈینس بیس میڈیسن) کے سانچے میں ڈھالنے کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے طبِ یونانی کے تحقیقی معیار کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیتے ہوئے تاریخی حوالوں سے واضح کیا کہ یونانی طب میں ارتقاء اور ترمیمات کی ضرورت کب اور کن اسباب کی بنا پر پیش آئی۔ پروفیسر قدیر نے حکیم اجمل خان اور حکیم عبد الحمید کی تعلیمات اور نادر مخطوطات کی روشنی میں بتایا کہ ان اکابرین نے اپنے عہد میں طبِ یونانی کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کرنے کے لیے کس قدر دور رس اقدامات کیے۔ اس ضمن میں انہوں نے خصوصیت کے ساتھ ’انسٹیٹیوٹ آف ہسٹری آف میڈیسن اینڈ میڈیکل ریسرچ‘ (آئی ایچ ایم ایم آر) جیسے تحقیقی اداروں کے قیام کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج قومی کمیشن برائے ہندوستانی نظامِ طب (این سی آئی ایس ایم) کی جانب سے طبِ یونانی میں جس تجدید اور جدیدیت کی بات کی جا رہی ہے، ہمارے بزرگوں نے تقریباً ایک صدی قبل ہی نہ صرف اس کا خواب دیکھا تھا بلکہ عملی بنیادیں بھی فراہم کر دی تھیں۔
تقریب کے مہمانانِ اعزازی ڈاکٹر شکیل احمد (جنرل سکریٹری، سر سید ایجوکیشنل سوشل ویلفیئر سوسائٹی) اور پروفیسر سعید احمد (ڈائریکٹر، سینٹر آف ایکسیلنس اِن یونانی میڈیسن،ایس پی سی آر، جامعہ ہمدرد) نے اپنے خطابات میں طبِ یونانی کی ہمہ جہت ترقی، معیاری تحقیق کے فروغ اور دورِ حاضر کے طبی تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی ناگزیریت پر زور دیا۔
وزارتِ آیوش، حکومتِ ہند کے نیشنل میڈیسنل پلانٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل و ڈپٹی سی ای او ڈاکٹر عبد القیوم (آئی ایف ایس) نے بطور مہمانِ اعزازی خطاب کرتے ہوئے ادویاتی پودوں کے تحفظ، کاشت، سائنسی تحقیق اور طبِ یونانی کے عالمی فروغ سے متعلق اہم نکات پیش کیے۔ مہمانِ خصوصی جناب آلوک سریواستو (جنرل منیجر، انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ) نے علمی و تحقیقی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور صحتِ عامہ کے شعبے میں جدت طرازی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر نوجوانوں کی تحقیقی صلاحیتوں کے اعتراف اور حوصلہ افزائی کے لیے ’اخلاق حسین ینگ ایکسیلنس ایوارڈ‘ بھی عطا کیا گیا، جن میں زنیرہ خان، بے بی زائنا خان، میمین حیدر خان اور عمر غالب احسن شامل رہے۔
صدارتی خطاب کرتے ہوئے دہلی یونیورسٹی کے شعبۂ عربی کے صدر پروفیسر محمد اکرم نے حکیم عبد الحمید کی بے مثال علمی، تعلیمی اور طبی خدمات کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا اور بین العلومی مکالمے و تحقیق کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے حکیم صاحب کی شخصیت کے روحانی پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ نہایت درویش صفت اور روحانیت سے معمور انسان تھے، جو تعلیم آباد کی مسجد اور کبھی جامعہ کی رابعہ مسجد میں باقاعدگی سے مراقبہ فرمایا کرتے تھے۔
تقریب کے اختتام پر کنوینر ڈاکٹر نازش احتشام اعظمی نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ قومی ترانے کے ساتھ اس باوقار تقریب کا اختتام ہوا، تقریب میں پروفیسر محمد حسین، ڈاکٹر فرحان اختر،ڈاکٹر سالک، ڈاکٹر سعدیہ، زاہد ڈاکٹر روبی اورنگ زیب ،رمشہ خان ،مقبول حسن اور ڈاکٹر محمد جلیس ڈاکٹر عذیر بقائی صاحبان سمیت طب، تحقیق اور صحت کے شعبے سے وابستہ اساتذہ، محققین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
