Masarrat
Masarrat Urdu

امریکہ، روس اور چین تکنیکی اعتبار سے دنیا کے طاقتور ترین ممالک ہیں: ٹرمپ

  • 21 Nov 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

واشنگٹن، 21 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعہ کو امریکہ، روس اور چین کو تکنیکی اعتبار سے دنیا کے سب سے ترقی یافتہ اور طاقتور ممالک قرار دیا۔

مسٹر ٹرمپ نے ایک بریفنگ میں کہاکہ ’’دنیا کے تین سب سے اہم اور طاقتور ممالک، خصوصاً وہ ممالک جو تکنیکی اعتبار سے دنیا میں سب سے زیادہ مضبوط ہیں۔‘‘

انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والی اس ملاقات کو گزشتہ کئی برسوں کے اہم ترین بین الاقوامی سربراہی اجلاسوں میں سے ایک قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ان کے اچھے تعلقات کی وجہ سے امریکہ محفوظ ہے۔

ٹرمپ نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ جوہری ہتھیاروں کے ذریعے دنیا کو تباہ نہیں ہونے دے گا، کیونکہ ایسی جنگ میں کوئی بھی فاتح نہیں ہوسکتا۔

امریکی صدر نے کہاکہ ’’پہلی مرتبہ چین جوہری خطرات کو کم کرنے کے معاملے پر سہ فریقی مذاکرات کرنے کے لیے رضامند ہوا ہے۔‘‘

مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے کہ ایران کے پاس کبھی بھی جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سہ فریقی ملاقات کے دوران یوکرین کے تنازع پر بھی کافی وقت تک بات چیت ہوئی۔

امریکی صدر نے واضح کیا کہ وہ کسی معاہدے پر پہنچنے سے پہلے یوکرین کے لیے سلامتی کی ضمانتوں کے معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتے۔

مسٹر ٹرمپ نے ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون (ایپیک) سربراہی اجلاس کے اقتصادی نتائج پر بھی تبصرہ کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چین کے ساتھ ایک وسیع معاہدہ طے پایا ہے، جو دونوں ممالک کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا۔

 

Ads