Masarrat
Masarrat Urdu

راولپنڈی ٹیسٹ: سری لنکا کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 153 رنز درکار

Thumb

راولپنڈی، 18 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل ختم ہونے پر مہمان ٹیم نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز بنائے ہیں اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 153 رنز درکار ہیں، جبکہ اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں۔ خراب روشنی کے باعث دن کا کھیل قبل از وقت ختم کرنا پڑا۔

کھیل کے اختتام پر دھننجیا ڈی سلوا 24 اور پاسندو سوریا بندارا 18 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔ سری لنکا کے کامندو مینڈس 16، لاہیرو یوڈارا 7 اور دنیش چندیمل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے ثاقب خان، رضوان اللہ اور عامر جمال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کی پہلی اننگز کے 98 رنز کے جواب میں 325 رنز بنائے اور 227 رنز کی اہم برتری حاصل کی۔ پاکستان نے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز 121 رنز پر 3 وکٹوں کے نقصان سے آگے بڑھائی تو اذان اویس گزشتہ روز کے اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر آؤٹ ہوگئے۔

سعود شکیل نے نائٹ واچ مین ثاقب خان کے ساتھ 57 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم وہ 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ثاقب خان نے 37 اور سلمان علی آغا نے 21 رنز بنائے، جبکہ عامر جمال 12 رنز بنا سکے۔

بعد ازاں غازی غوری نے 54 اور رضوان اللہ نے 42 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے 56 رنز کی شراکت قائم کی۔ رضوان اللہ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز تھے، جبکہ محمد عباس 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

 

 

Ads