Masarrat
Masarrat Urdu

مسلح افواج کو جرف النصر میں داخل ہونے کا حکم، حزب اللہ بریگیڈز کے انخلا کی ڈیڈ لائن مقرر

  • 17 Nov 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

بغداد، 17 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) عراقی وزیراعظم نے صوبہ بابل کے علاقے جرف النصر میں مسلح افواج کو داخل ہونے کا حکم دے دیا ہے، جبکہ حزب اللہ بریگیڈز کو علاقے سے نکلنے کے لیے جمعہ تک کی مہلت دی گئی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی حکومت کے ترجمان حیدر العبودی نے کہا ہے کہ ملک کی مسلح افواج جلد صوبہ بابل کے علاقے جرف النصر میں داخل ہوں گی اور کتائب حزب اللہ کے اہلکاروں کے انخلا کے لیے ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی ہے۔

حیدر العبودی نے مزید کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی نے علاقے میں عراق کی تیل کی ترسیل کی پائپ لائن میں ردوبدل اور تیل صاف کرنے کے کارخانوں سمیت ذخیرہ کرنے والے ٹینکوں کی موجودگی کا بھی پتا لگایا ہے۔

الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے ایک اعلی عراقی عہدیدار نے بتایا کہ صوبہ بابل کے علاقے جرف میں بڑے پیمانے پر سکیورٹی آپریشن کے لیے فوجی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ عہدیدار کے دعوے کے مطابق، عراقی حکومت نے کتائب حزب اللہ کے اہلکاروں کے انخلا کے لیے جمعہ کو آخری تاریخ مقرر کی ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ دنوں میں کتائب حزب اللہ کے زیرِ کنٹرول علاقے جرف النصر سے تیل کی اسمگلنگ کے الزامات سامنے آئے ہیں، تاہم اس گروہ نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا ہے۔ ان الزامات کو زیادہ تر سعودی اور اماراتی ذرائع ابلاغ نے نشر کیا۔

عراقی مسلح افواج نے جرف النصر کے اطراف میں اپنی پوزیشنیں سنبھال لی ہیں اور انخلا کی مہلت ختم ہونے کے ساتھ ہی علاقے میں داخل ہونے کی تیاری کررہی ہیں۔

Ads