بحریہ کے مطابق، یہ واقعہ چند گھنٹے قبل پیش آیا اور متعلقہ جہاز سمندری پابندیوں کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔ اس نے وارننگ دی کہ ایرانی مسلح افواج کے ساتھ ہم آہنگی کے بغیر اس اسٹریٹجک آبی گزرگاہ یا آس پاس کے ممنوعہ علاقوں سے گزرنے کی کوشش کرنے والے جہاز بارودی سرنگوں کی زد میں آ سکتے ہیں اور ان میں آگ لگ سکتی ہے۔
اس سے قبل اتوار کو ایران کے اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا تھا کہ آبنائے کے جنوبی حصے سے غیر مجاز راستے پر گزرنے کی کوشش کے دوران تیل کے دو ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔
آئی آر جی سی نے کہا کہ ان میں سے ایک سپر ٹینکر، جس میں 20 لاکھ بیرل سے زیادہ خام تیل لدا تھا، جنوبی خلیج میں ڈوب گیا۔ تاہم اس نے جہازوں کی شناخت یا ان کے عملے کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دی۔
ایران نے 12 جولائی کو امریکہ کی طرف سے دوبارہ حملے شروع کیے جانے کے بعد آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ اس کے طے شدہ راستوں کے علاوہ دیگر راستوں کا استعمال کرنے یا بغیر اجازت گزرنے والے جہازوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
آبنائے ہرمز عالمی سطح پر خام تیل اور مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی سپلائی کا ایک اہم سمندری رستہ ہے۔ یہاں جہازوں کی آمد و رفت میں خلل پڑنے سے عالمی توانائی کی سپلائی کے حوالے سے تشویش بڑھ گئی ہے۔
