Masarrat
Masarrat Urdu

کولگام میں تصادم کے دوران مشتبہ دہشت گرد ہلاک، آپریشن جاری

Thumb

سرینگر، 16 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں پیر کے روز جاری تصادم کے دوران ایک مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دی۔

ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے، جبکہ علاقے میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق، کولگام کے لارو گاؤں میں اس وقت تصادم شروع ہوا جب سکیورٹی فورسز علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی (کاسو) انجام دے رہی تھیں۔ محاصرے کو مزید مضبوط بنانے اور کسی بھی مشتبہ شخص کو فرار ہونے سے روکنے کے لیے اضافی فورسز کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ پورے علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیا ہے اور سکیورٹی فورسز کارروائی میں مصروف ہیں۔ تاہم، پولیس کی جانب سے اب تک کسی جانی نقصان کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

کشمیر پولیس زون نے اس سے قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا تھاکہ ’’کولگام میں تصادم شروع ہوگیا ہے۔ پورے علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس اور سکیورٹی فورسز کارروائی میں مصروف ہیں۔ مزید تفصیلات بعد میں دی جائیں گی۔‘‘

یہ تصادم اتوار کے روز فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم کی جانب سے شروع کی گئی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران پیش آیا۔ یہ کارروائی علاقے میں لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے کے بعد شروع کی گئی تھی۔

گزشتہ ہفتے کولگام میں ایک تصادم کے دوران سی آر پی ایف کے تین اہلکار زخمی ہوگئے تھے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی۔

اس حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لیے ضلع کولگام کے مختلف علاقوں میں متعدد تلاشی کارروائیاں شروع کی تھیں۔

 

Ads