Masarrat
Masarrat Urdu

جے شاہ دوبارہ آئی سی سی کے چیئرمین منتخب

Thumb

دبئی، 16 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) جے شاہ کو دوسری مرتبہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔

جے شاہ اتوار کو بلا مقابلہ آئی سی سی کے چیئرمین منتخب ہوئے۔ وہ اس عہدے کے واحد امیدوار تھے۔ بالی میں اختتام پذیر ہونے والی بورڈ میٹنگ میں آئی سی سی کے اراکین نے تنظیم میں تسلسل اور استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔ ان باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اراکین نے ان کے نام کی تجویز پیش کی اور مزید ایک مدت کے لیے ان کی تقرری کی منظوری دے دی۔

شاہ، جو اس وقت آئی سی سی کے چیئرمین کی حیثیت سے اپنے دوسرے سال میں ہیں، اس طرح دسمبر 2030 تک اس عہدے پر برقرار رہیں گے۔ انہوں نے دسمبر 2024 میں عہدے کی ذمہ داری سنبھالی تھی، جس کا مطلب ہے کہ ان کی پہلی 3 سالہ مدت دسمبر 2027 تک جاری رہے گی اور ان کی دوسری مدت اس کے بعد شروع ہوکر دسمبر 2030 میں ختم ہوگی۔

آئی سی سی کے آئین کے مطابق، آئی سی سی کا چیئرمین زیادہ سے زیادہ 2 مرتبہ اس عہدے پر فائز رہ سکتا ہے اور ہر مدت 3 سال کی ہوتی ہے۔

آئی سی سی نے ایک بیان میں کہاکہ ’’یہ فیصلہ شاہ کی قیادت پر بورڈ کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے اور کھیل کے لیے ایک اہم وقت میں تسلسل فراہم کرتا ہے۔ عالمی سطح پر توسیع، شائقین کی تعداد میں اضافہ اور تجارتی ترقی اس کے اسٹریٹجک منصوبے کا اہم حصہ ہیں۔ کرکٹ لاس اینجلس 2028 کے اولمپک کھیلوں میں اپنی واپسی کی بھی تیاری کر رہا ہے اور حال ہی میں مقابلوں کے لیے ایک بڑے طویل مدتی پروگرام کا اعلان کیا ہے، جس سے زیادہ سے زیادہ شرکت اور ترقی کے مواقع فراہم ہوں گے۔‘‘

جے شاہ نے کہاکہ ’’آئی سی سی کے چیئرمین کی حیثیت سے کام کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے اور اس کے ساتھ ہی یہ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ میں دنیا بھر میں کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے تمام اراکین کے ساتھ مل کر کام کرتا رہوں گا۔ ہم اپنے کھیل کی تاریخ کے سب سے اہم اور دلچسپ دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ 2028 کے لاس اینجلس اولمپک کھیلوں میں کرکٹ کی واپسی ہمارے کھیل کو نئے شائقین تک پہنچانے اور کھلاڑیوں اور شائقین کی نئی نسل کو متاثر کرنے کا ایک شاندار موقع ہے۔‘‘

 

Ads