228 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کو لکشیا رائے چندانی اور آریہ ویر سہواگ کی اوپننگ جوڑی نے 117 رنز کی شراکت کے ساتھ مضبوط آغاز فراہم کیا۔ ہندوستان کا پہلا وکٹ 17ویں اوور میں سہواگ کے طور پر گرا۔ انہوں نے 57 گیندوں پر چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے۔
اس کے بعد بلے بازی کے لیے آئے وی کے ونیِت نے لکشیا کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں نے دوسرے وکٹ کے لیے 77 رنز جوڑ کر ہندوستان کی جیت یقینی بنادی۔ اس دوران سنچری کی جانب بڑھ رہے لکشیا کو سہیل خان نے آؤٹ کیا۔ لکشیا نے 90 گیندوں پر 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 93 رنز کی میچ فاتح اننگز کھیلی۔ انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ہندوستان نے 36.5 اوور میں دو وکٹ پر 230 رنز بناکر آٹھ وکٹ سے مقابلہ اپنے نام کرلیا۔ ونیِت نے 62 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 57 رنز بنائے۔ انہوں نے نور علی کی گیند پر چھکا لگا کر ہندوستان کو فتح دلائی۔ یش وردھن چوہان 16 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل افغانستان انڈر 19 ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں آٹھ وکٹ پر 227 رنز بنائے۔ اس کی جانب سے نعمان سالارزئی اور شاہ فیصل رحمانی نے 51-51 رنز کی نصف سنچریاں اسکور کیں، جبکہ سہیل خان 36 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
افغانستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں رہا۔ ساتویں اوور میں ایشان سود نے عابداللہ نادرجان (14) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد 13ویں اوور میں کاویہ پریش پٹیل نے فریداللہ احساس (13) کو بولڈ کردیا۔ سبحان (31) کو منل چوہان نے بولڈ کرکے پویلین بھیجا۔
نعمان سالارزئی اور شاہ فیصل رحمانی نے 51-51 رنز بناکر افغانستان کی اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ افغان بلے بازوں نے ہندوستانی گیندبازی کے سامنے جدوجہد کرتے ہوئے ٹیم کو 227 رنز تک پہنچایا۔
ہندوستان کی جانب سے ایشان سود نے تین وکٹ حاصل کیے، جبکہ آریان سوسانی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کاویہ پریش پٹیل اور ارجن راجپوت نے ایک ایک وکٹ لیا۔
