وزارت دفاع نے بدھ کو بتایا کہ 8 نومبر سے شروع ہونے والی اس مشق کے 15ویں ایڈیشن کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان تال میل کو فروغ دینا، پیشہ ورانہ تعاون مضبوط کرنا اور باہمی سمجھ بوجھ کو بہتر بنانا تھا۔
مشق کے بندرگاہی مرحلے کے دوران دونوں بحری افواج کے ماہرین نے دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے، سمندری بارودی سرنگوں سے نمٹنے اور آبی سروے جیسے موضوعات پر اپنے تجربات اور معلومات کا تبادلہ کیا۔
سمندری مرحلے میں ہندوستانی بحریہ کے جنگی جہاز آئی این ایس سورت اور عمان کی رائل نیوی کے جہاز ’المعزّر‘ نے مشترکہ سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ اس دوران جہازوں پر سوار ہوکر تلاشی اور ضبطی کی کارروائیاں اور ایک دوسرے کے جہازوں پر جاکر آپریشنل مشقیں کی گئیں۔
یہ مشق ہندوستان اور عمان کے درمیان مضبوط بحری شراکت داری کی عکاسی کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ حکومت کے ’ساگر‘ وژن کے تحت علاقائی بحری شراکت داروں کے ساتھ ہندوستانی بحریہ کے تعاون کو بھی مضبوط بناتی ہے۔
