Masarrat
Masarrat Urdu

سہواگ کی دھواں دھار سنچری سے ہندوستان انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں

Thumb

الامارات، 10 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) آریہ ویر سہواگ (160) کی دھواں دھار سنچری کی بدولت ہندوستان انڈر 19 نے منگل کو یو اے ای انڈر 19 کو 70 رن سے روند کر انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

ہندوستان نے گروپ اے کے میچ میں 50 اوور میں 7 وکٹ پر 309 رن کا بڑا اسکور بنانے کے بعد یو اے ای کی ٹیم کو 50 اوور میں 239 رن پر سمیٹ دیا۔ سیمی فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ افغانستان سے ہوگا۔

ہندوستان کی جیت کے خاص کھلاڑی آریہ ویر رہے، جن کے 168 گیندوں پر 17 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے بنائے گئے 160 رن کی بدولت ہی ہندوستانی ٹیم اتنا بڑا اسکور بنانے میں کامیاب رہی۔ سہواگ نے ابتدا میں سنبھل کر بلے بازی کی، لیکن سنچری مکمل کرنے کے بعد انہوں نے اپنے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے شاندار بلے بازی کی۔ انہوں نے مناسب گیندوں کا انتخاب کیا اور ان پر بہترین شاٹس کھیلے۔ اس شاندار اننگز کے لیے سہواگ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بائیں ہاتھ کے بلے باز وی کے ونیت (67) نے بھی سہواگ کا اچھا ساتھ دیا اور دونوں نے دوسرے وکٹ کے لیے 193 رن جوڑے۔ حالانکہ آخر میں یو اے ای نے کچھ وکٹ ضرور حاصل کئے، لیکن ہندوستان 300 سے زیادہ رن بنانے میں کامیاب رہا۔ اس بڑے اسکور کو عبور کرنا یو اے ای کی ٹیم کے لیے بہت بڑا چیلنج ثابت ہوا۔ انوے دراوڑ 12 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

ہندوستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے جیت کی ضرورت تھی اور اس نے یہ کامیابی حاصل کرلی۔ ایسا لگ رہا تھا کہ یو اے ای کے لیے اس ہدف کا تعاقب شروع سے ہی مشکل ہوگا۔ ہندوستانی گیند بازوں نے انتہائی عمدہ اور درست گیند بازی کی۔ انہوں نے نپی تلی لائن اور لینتھ کے ساتھ گیندیں ڈالیں، جس کا انہیں فائدہ بھی ملا۔ اننگز کے آخری مرحلے میں احمد خداداد (74) اور نوراللہ ایوبی (39) نے تیزی سے کچھ رن بنائے، جس سے شکست کا فرق کچھ کم ہوگیا۔ ایشان سود سب سے کامیاب گیند باز رہے، جنہوں نے 37 رن دے کر 4 وکٹ حاصل کیے۔ انہوں نے بہترین یارکر گیندیں ڈالیں، جن کی بدولت انہیں یہ وکٹ ملے۔

 

Ads

مضامین

Ads