سونیا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی کتاب ’بیلونگنگ‘ کا ایک نہایت ذاتی اقتباس شیئر کرتے ہوئے اس ذہنی کیفیت کی جھلک پیش کی، جس کے نتیجے میں انہوں نے بڑھتی توقعات اور سیاسی دباؤ کے باوجود ملک کا سب سے بڑا انتظامی عہدہ قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کتاب کے اقتباس میں لکھا، ’’اچانک میرے ذہن سے شکوک وشبہات کا آخری شائبہ بھی دورہوگیا۔ مجھے یوں محسوس ہوا جیسے میں خود سے کہہ رہی ہوں، ’سونیا، اپنے آپ سے سچی رہو۔ تم ہمیشہ سے یہ جانتی رہی ہو۔ بس اسے چھوڑ دو!‘‘‘
اس یاد نے 2004 کے اس فیصلے کی جانب ایک بار پھر توجہ مبذول کرائی ہے، جس نے اس وقت سیاسی حلقوں کو حیران کر دیا تھا اور یو پی اے کی انتخابی کامیابی کے بعد وسیع بحث اور قیاس آرائیوں کو جنم دیا تھا۔ اس وقت کانگریس کی صدر اور اتحاد کی سیاسی کامیابی کی اہم معمار سونیا گاندھی سے بڑے پیمانے پر وزیر اعظم بننے کی توقع کی جا رہی تھی، تاہم انہوں نے عہدہ قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
کانگریس کے رہنماؤں، اراکین پارلیمنٹ اور حامیوں کی جانب سے مسلسل اپیلوں کے باوجود انہوں نے نئی حکومت کی قیادت کرنے سے انکار کر دیا۔ بعد ازاں انہوں نے کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کا نام وزیر اعظم کے لیے تجویز کیا، جس کے بعد انہوں نے یو پی اے حکومت کی قیادت سنبھالی۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ 2004 سے 2014 تک مسلسل دو میعادوں کے لیے وزیر اعظم رہے، جبکہ سونیا گاندھی کانگریس کی قیادت اور یو پی اے کی چیئرپرسن کے طور پر سیاسی کردار ادا کرتی رہیں۔
سونیا گاندھی کی جانب سے وزیر اعظم کا عہدہ قبول نہ کرنے کے فیصلے کو مختلف سیاسی حلقوں نے اپنے اپنے انداز میں دیکھا۔ ان کے حامیوں نے اسے ذاتی یقین اور سیاسی تحمل کا فیصلہ قرار دیا، جبکہ ناقدین نے بعد میں وجود میں آنے والے اقتدار کے انتظام پر سوالات اٹھائے۔
ان کی تازہ پوسٹ میں تاہم اس فیصلے سے متعلق سیاسی حساب کتاب اور تنازعات کے بجائے اس ذاتی کشمکش پر توجہ دی گئی ہے جس کا انہیں اس وقت سامنا تھا۔ ’بیلونگنگ‘ کا یہ اقتباس ظاہر کرتا ہے کہ اپنے شکوک سے نبرد آزما ہونے کے بعد وہ ایک ایسے لمحے پر پہنچیں، جب انہیں اندرونی طور پر مکمل وضاحت حاصل ہوئی اور انہوں نے اسی راستے کا انتخاب کیا جسے وہ درست سمجھتی تھیں۔
تقریباً 22 برس بعد سونیا گاندھی کے یہ الفاظ ہندوستان کے اتحاد پر مبنی سیاست کے ایک انتہائی اہم دور کے سب سے بڑے فیصلوں میں سے ایک کے پس پردہ ان کی ذاتی سوچ کی ایک نایاب جھلک پیش کرتے ہیں۔
