جاری ریلیز کے مطابق انھوں نے ’’اردو طنزومزاح کا معمار: پطرس بخاری‘‘ کے عنوان سے خطبہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پطرس بخاری جوناتھن سوِفٹ جیسے باکمال انگریزی طنزومزاح نگار کے قبیل سے تعلق رکھتے ہیں۔ پطرس کی تحریروں نے جوناتھن سوِفٹ کی طرح طرزِ تحریر، اشیا کا زاویۂ نگاہ اور صورتِ حال کے مختلف پہلوؤں سے نئے اور دور رس معانی اخذ کرنے کی روایت اردو میں متعارف کرائی۔ انھوں نے اپنے خطبے میں کہا کہ طنز کے نشتر کو پطرس نے ایک ماہرلسانی جراح کی طرح استعمال کیا۔ اردو میں مزاح کی لسانی روایت تو موجود تھی، لیکن پطرس نے ایک نئے اسلوب کی بنیاد ڈالی، جسے ہم ’’پطرسی طنزومزاح‘‘ کہہ سکتے ہیں۔ انھوں نے مزید اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پطرس کے مضامین غور سے پڑھیں تو آپ دیکھیں گے کہ یہ محض ہنسی، ٹھٹھہ یا دل لگی نہیں ہیں، البتہ طنز کے عناصر ایسے لطیف اور بلیغ پیرائے میں ان کے یہاں بکھرے ہوئے ہیں، جن کو پڑھ کر قاری اپنی ہنسی روکے بغیر سنجیدگی سے ان پر سوچتا بھی ہے۔ اور یہی عناصر ان محرکات میں تبدیل ہوجاتے ہیں جو سنجیدگی اور وقار کے ساتھ قاری کو سوچنے پر مجبور کرتے ہیں اور اسے دعوتِ فکر دیتے ہیں۔
صدر شعبہ اردو پروفیسر کوثر مظہری نے نہال پیشی اور مومینٹو سے خلیل الرحمن ایڈووکیٹ کا استقبال کیا۔ انھوں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ خلیل الرحمن ایڈووکیٹ کا اسلوبِ نگارش عالمانہ ہے۔ انھوں نے شمس الرحمن فاروقی سے بہت کچھ استفادہ کیا ہے۔ ان کے خطبے میں پطرس شناسی کی شاہ کلید ہاتھ آتی ہے۔ انھوں نے طنزومزاح کے مابین نہایت بصیرت افروز خطِ امتیاز کھینچا ہے۔ پروفیسر کوثر مظہری نے مزید کہا کہ پطرس کے انشائیوں میں فکشن کی طرح انسانی معاشرہ نظر آتا ہے۔ آج کے خطبے سے یہ احساس پیدا ہوا کہ پطرس کی بازقرأت کی ضرورت ہے۔
خطبے کے کنوینر پروفیسر شاہ عالم نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے مہمان خطیب کا مفصل تعارف پیش کیا۔ خطبے کا آغاز ڈاکٹر شاہنواز فیاض کی تلاوت اور اختتام ڈاکٹر محمد مقیم کے اظہارِ تشکر پر ہوا۔ اس موقع پر پروفیسر محمد علیم، ڈاکٹر ارشد القادری، جاوید نسیمی، پروفیسر شہزاد انجم، پروفیسر احمد محفوظ، پروفیسر ندیم احمد، پروفیسر عمران احمد عندلیب، پروفیسر سرورالہدیٰ، ڈاکٹر خالد مبشر، ڈاکٹر سید تنویر حسین، ڈاکٹر مشیر احمد، ڈاکٹر شاداب تبسم، ڈاکٹر قرۃ العین حیدر، ڈاکٹر محمد آدم، ڈاکٹر ثاقب عمران، ڈاکٹر نوشاد منظر، ڈاکٹر مخمور صدری، ڈاکٹر خان رضوان، ڈاکٹر سید ثاقب فریدی اور ڈاکٹر راحت افزا کے علاوہ بڑی تعداد میں ریسرچ اسکالرز اور طلبہ و طالبات موجود تھے۔
