مسٹر بھاردواج نے مرکزی حکومت کے ادارے ’سفر‘ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ 9 نومبر کو دہلی کی آلودگی میں پرالی کے دھوئیں کا حصہ تقریباً صفر تھا۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی سے پہلے یہ حصہ پانچ فیصد تھا، لیکن دیوالی کے دن ہوا کا رخ تبدیل ہونے کی وجہ سے پنجاب سے آنے والا دھواں دہلی نہیں پہنچ سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’سفر‘ مرکزی حکومت کا ایک ادارہ ہے، جو دہلی میں آلودگی کے مختلف ذرائع کا جائزہ لیتا ہے۔ اس کے اعداد و شمار کے مطابق دیوالی سے ایک رات پہلے دہلی کی آلودگی میں پرالی کے دھوئیں کا حصہ پانچ فیصد تھا، تاہم ان اعداد و شمار میں یہ واضح نہیں کیا گیا تھا کہ دھواں پنجاب، ہریانہ یا اتر پردیش میں پرالی جلانے کی وجہ سے آیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 9 نومبر کو پرالی کے دھوئیں کا حصہ نہ ہونے کے برابر، یعنی تقریباً صفر درج کیا گیا۔ ایسے میں دہلی حکومت کے وزیر کپل مشرا کی جانب سے پنجاب کی پرالی کو آلودگی کی وجہ قرار دینا حقائق کے منافی ہے۔
عآپ کے ریاستی صدر نے کہا کہ ’سفر‘ کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق دیوالی کے آس پاس مشرقی ہوائیں چل رہی تھیں۔ ان ہواؤں کی وجہ سے پنجاب کی جانب سے اٹھنے والا دھواں دہلی آنے کے بجائے مغرب کی سمت پاکستان کی طرف جا سکتا تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب ہوا کا رخ دہلی کی طرف نہیں تھا تو بی جے پی رہنما پنجاب میں پرالی جلانے کو دہلی کی آلودگی کا ذمہ دار کیوں ٹھہرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو اپنی حکومت کی ناکامیوں کا ملبہ پنجاب کے کسانوں پر ڈالنے کے بجائے دہلی میں آلودگی کے مقامی ذرائع پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پرالی کا دھواں ہوا کے ساتھ ایک مقام سے دوسرے مقام تک پہنچنے میں دو سے تین دن کا وقت لے سکتا ہے۔ اس لیے دیوالی کے دن پرالی جلانے کے واقعات کو اسی دن دہلی کی آلودگی سے جوڑنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے بی جے پی رہنماؤں پر سائنسی اور جغرافیائی حقائق کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ آلودگی کی وجوہات کا جائزہ سائنسی اعداد و شمار کی بنیاد پر ہونا چاہیے، نہ کہ سیاسی الزام تراشی کے ذریعے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی دیوالی کی رات بڑی تعداد میں فضائی معیار کی نگرانی کرنے والے اسٹیشن بند رہے، جس کی وجہ سے آلودگی کی حقیقی سطح سامنے نہیں آ سکی۔ انہوں نے کہا کہ جب نگرانی مراکز سے اعداد و شمار ہی دستیاب نہیں ہوں گے تو آلودگی کی صحیح صورت حال کا اندازہ کیسے لگایا جائے گا۔ انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ حکومت پٹاخوں اور پٹاخے بنانے والوں کے تئیں اتنی نرمی کیوں برت رہی ہے۔
