Masarrat
Masarrat Urdu

ایران اور چین کے اسٹریٹجک تعلقات کے لیے کسی کی اجازت درکار نہیں، قالیباف

  • 27 Aug 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 27 اگست (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے چین کی طرف سے ایران کے خلاف امریکی اپیل کو مسترد کرنے پر ردعمل میں کہا ہے کہ ایران اور چین اپنے اسٹرٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔

قالیباف نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر کہا کہ چین کی جانب سے ایران کے خلاف امریکا کی تازہ پابندیوں کو مسترد کرنا ظاہر کرتا ہے کہ دونوں اتحادی ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کسی کی اجازت کی محتاج نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور چین مارچ 2021 میں طے پانے والے 25 سالہ تعاون کے پروگرام کی بنیاد پر اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بناتے رہیں گے۔

قالیباف نے کہا کہ ایران اور چین کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری باہمی احترام، دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند تعاون اور کثیر قطبی دنیا کے مشترکہ تصور پر قائم ہے۔ یہ تعلقات کسی کی اجازت کے محتاج نہیں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق قالیباف کا یہ بیان چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے اس بیان کے ایک روز بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکا کی جانب سے ایران پر نام نہاد "ڈی ڈے" اقتصادی پابندیوں کے اعلان کے بعد چین اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ چین کا تعاون عالمی قوانین کے مطابق ہے اور بیجنگ ایسی پابندیوں کی سخت مخالفت کرتا ہے جن کی بنیاد بین الاقوامی قانون یا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اجازت پر نہ ہو۔

Ads