ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے والی آسٹریلیا کی ٹیم کو بنگلہ دیشی گیندبازوں نے 53 اوورز میں 198 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔ اس کے بعد بنگلہ دیش کی جانب سے ایس اسلام اور تنزید حسن نے محتاط انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 36 رنز جوڑے۔ نویں اوور میں مشیل اسٹارک نے ایس اسلام کو 20 رنز پر آؤٹ کرکے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔
اس کے بعد مومن الحق نے تیزی سے رنز بنائے اور تنزید حسن کے ساتھ دن کا کھیل ختم ہونے تک وکٹ پر موجود رہے۔ اسٹمپس کے وقت مومن الحق 35 اور تنزید حسن 32 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
اس سے قبل آسٹریلیا کے لیے جیک ویڈرالڈ اور ٹریوس ہیڈ نے پہلے وکٹ کے لیے 45 رنز جوڑے۔ 12ویں اوور میں حسن محمود نے ویڈرالڈ کو 23 رنز پر آؤٹ کرکے بنگلہ دیش کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بنگلہ دیشی گیندبازوں نے آسٹریلوی بلے بازوں پر دباؤ برقرار رکھا۔
تسکین احمد اور عبادت حسین نے بھی دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمود نے 55 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں، جو آسٹریلیا میں کسی بنگلہ دیشی تیز گیندباز کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں تیسری بہترین کارکردگی ہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے صرف اسٹیون اسمتھ اور ایلکس کیری کی پانچویں وکٹ کی 55 رنز کی شراکت کے دوران ٹیم مضبوط دکھائی دی۔ اسمتھ نے 109 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 71 رنز بنائے، تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلوی اننگز جلد ہی سمٹ گئی۔
عبادت حسین نے کیری کو 19 رنز پر آؤٹ کیا، جبکہ تسکین احمد نے بیو ویبسٹر کو پویلین بھیجا۔ حسن محمود نے کپتان پیٹ کمنز کو نو، مشیل اسٹارک کو ایک رن پر آؤٹ کیا اور بعد میں ناتھن لیون کو کیچ کروا کر آسٹریلوی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
یہ 23 برس میں آسٹریلیا کی سرزمین پر بنگلہ دیش کا پہلا ٹیسٹ میچ ہے۔
