مسٹر شاہ نے خط میں کہا کہ اس موضوع پرکل جماعتی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے حکومت کی جانب سے بحث کرنے کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے لوک سبھا اسپیکر سے اپوزیشن کے لیڈروں سے بات چیت کر کے ان کی رضامندی سے اس معاملے پر بحث کے لیے مناسب وقت الاٹ کرنے کی اپیل کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ ایوان میں موجود رہ کر اس معاملے پر بحث میں حصہ لینے اور اپوزیشن کے اراکین کے سوالات کے جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں بحث اور بات چیت سے ہی حل نکلتا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کا جمہوریت اور جمہوری اداروں میں پختہ اعتماد ہے نیز پارلیمنٹ بات چیت کے لیے ہے۔
مسٹر شاہ نے لوک سبھا اسپیکر سے اپوزیشن کے لیڈروں سے بات چیت کر کے اس اہم موضوع پر اچھے ماحول میں بحث کرانے کی اپیل کی کہ تاکہ اقتدار اور اپوزیشن کے تمام اراکین اپنے قیمتی ووٹ اور خیالات پیش کر سکیں۔ مسٹر شاہ نے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں صحافیوں سے بھی کہا کہ اگر اپوزیشن بحث کے لیے تیار ہو تو وہ تمام سوالات کے جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "اپوزیشن لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو لکھ کر دے کہ وہ بحث کے لیے تیار ہے۔ وہ آج دوپہر تین بجے سے لے کر جمعرات شام تین بجے تک بحث کے دوران اٹھائے گئے اپوزیشن کے تمام سوالات کے جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔"
انہوں نے اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "وہ بھی بحث کروں گا کہ آپ کو بحث کیوں نہیں چاہیے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی حکومت ہر چیز پر بحث کے لیے تیار ہے، پارلیمنٹ وہ چلنے نہیں دیتے ہیں۔" انہوں نے کہا کہ "اپوزیشن پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں کارروائی چلنے ہی نہیں دے رہا ہے، تو وہاں جا کر کیا ہوگا؟ میں کسی بھی سوال کا جواب پارلیمنٹ میں دینے کے لیے تیار ہوں۔"
مسٹر شاہ نے کہاکہ "آج تین بجے سے بحث شروع ہو جائے گی، کل دوپہر تین بجے میں جواب دے دوں گا۔ میں خود بحث میں بیٹھوں گا۔ اب اپوزیشن کو طے کرنا ہے کہ انہیں بحث کرنی ہے، یا ہنگامہ کرنا ہے۔ حکومت کے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے۔ یہ بھی بحث کروں گا کہ آپ نے ایوان کیوں نہیں چلنے دیا۔" وزیر داخلہ نے کہاکہ "اپوزیشن تو یہی مطالبہ کر رہا ہے، ہم نے 'ہاں' بول دیا۔ میں پارلیمنٹ میں کسی بھی سوال کا جواب دینے کے لیے تیار ہوں۔ مگر وہ بحث ہی نہیں ہونے دینا چاہتے۔ اب عوام طے کرے کون بھاگ رہا ہے؟ آج بھی میں کہتا ہوں۔ میں ایوان میں ہی بیٹھوں گا، سب کو سنوں گا اور سب چیزوں کا جواب دوں گا۔""
