Masarrat
Masarrat Urdu

شاہین آفریدی: ’’فی الحال میں ہی کپتان ہوں‘‘

Thumb

کراچی، 11 اگست (مسرت ڈاٹ کام) پاکستان کے ون ڈے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے اگلے سال ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ تک کپتانی برقرار رکھنے سے متعلق سوال پر کہا ہے کہ ’’فی الحال میں کپتان ہوں۔‘‘ ان کے اس بیان کے بعد پاکستان کی قیادت میں ممکنہ تبدیلی سے متعلق قیاس آرائیاں ایک بار پھر تیز ہوگئی ہیں۔

ُٓپاکستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق

قومی چیمپئنز کپ کی ٹیموں کے کپتانوں کے ساتھ پریس کانفرنس میں شاہین سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2027 ورلڈ کپ تک ان کی کپتانی کی تصدیق کردی ہے؟ اس پر انہوں نے مختصر جواب دیا، ’’فی الحال میں کپتان ہوں۔‘‘ شاہین کو اکتوبر 2025 میں محمد رضوان کی جگہ ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

شاہین نے کپتانی کے مستقبل پر قیاس آرائیوں کے بجائے ورلڈ کپ کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ 11 سے 18 اگست تک جاری چیمپئنز کپ سے ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کی بینچ اسٹرینتھ جانچنے میں مدد ملے گی، خصوصاً انجری کی صورت میں متبادل کھلاڑی تیار رکھنے کے لیے۔

انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کو اپنی مخصوص پوزیشن پر کھیلنے کا موقع ملے گا اور ان کی فارم اور فٹنس کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ شاہین کے مطابق پاکستان کی توجہ ورلڈ کپ کی تیاری پر ہے اور موجودہ ڈومیسٹک مقابلہ اس سلسلے میں اہم ثابت ہوگا۔

 

 

Ads