Masarrat
Masarrat Urdu

عازمین حج کی پیشگی رقم جمع کرنے کی مدت میں 17 اگست تک کی توسیع

  • 11 Aug 2026
  • مسرت ڈیسک
  • مذہب
Thumb

قلیل مدتی حج کے تمام منتخب امیدوار کی منظوری ،دہلی حج کمیٹی آئندہ کارروائی کے لیے پوری طرح تیار ہے: کوثر جہاں

نئی دہلی، 11 اگست (مسرت ڈاٹ کام) حج کمیٹی آف انڈیا نے اپنے گشتی مراسلہ نمبر 6 مجریہ 10 اگست کے ذریعے فریضہ حج 2027 کے لیے منتخب عازمین کی جانب سے حج اخراجات کی پیشگی رقم جمع کرنے کی مدت میں توسیع کر تے ہوے قلیل مدتی حج کے تمام منتخب امیدواروں کو منظور ی فراہم کردی ہے۔اب عازمین حج فی کس ایک لاکھ باون ہزار تین سو روپے کی پیشگی رقم 17 اگست تک جمع کرا سکتے ہیں۔

اس درمیان حج کمیٹی کی چیر پرسن کوثر جہاں نے حج کمیٹی آف انڈیا کی طرف سے پیشگی رقم جمع کرانے کی مدت میں توسیع اور قلیل مدتی حج کے لیے پہلے مرحلے میں منتخب تمام امیدواروں کی منظور ی کو ایک مستحسن قدم قرار دیا جس سے کہ ان عازمین کے درمیان تذبذب کا خاتمہ ممکن ہوسکا۔ عازمین حج کو ہر مرحلے پر فراہم کی جانے والی خدمات کو یقینی بنانے کے سلسلے میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے بتایا کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے قبل از وقت ساری تیاریاں شروع کر دی ہیں اور اس سلسلے میں متعلقہ محکموں سے رابطہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیشگی رقم جمع کرنے کی مدت میں آیندہ کوئی اضافہ نہیں کیا جا ئے گا اور 17 اگست تک رقم جمع نہ کرنے والے منتخب امیدواروں کی حج سیٹ بغیر کسی پیشگی اطلاع کے منسوخ کی جاسکتی ہے۔ عازمین مطلوبہ رقم حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پر آن لائن یا اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی برانچ میں، حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ متعلقہ بینک کی مخصوص پی سلیپ کے ذریعے اپنا بینک ریفرینس درج کر کے کر سکتے ہیں۔رقم جمع کرنے کے بعد طبی جانچ اورضروری دستاویزات جمع کرانے نیز تربیتی پروگرام کے لیے عازمین کو علاحدہ اطلاع فراہم کی جائے گی۔

 

Ads