آج صبح ہندستان نے 6 وکٹوں پر 357 رنز کے اسکور پر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے اتری سری لنکا الیون نے نشان مدوشکا (63)، نپون دھننجایا (46) اور انجلا بندارا (35) کی اننگز کی بدولت 6 وکٹوں پر 200 رنز بناکر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کردی اور ہندستان کو جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف دیا۔
207 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے مستقل ٹیسٹ کپتان شبھمن گل، یشسوی جیسوال کے ساتھ میدان میں اترے۔ دونوں بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 105 رنز جوڑے۔ 21ویں اوور میں شبھمن گل کی صورت میں ہندستان کی پہلی وکٹ گری۔ گل نے 54 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے۔
یشسوی جیسوال نے 46 گیندوں پر 9 چوکے اور 2 چھکے لگاتے ہوئے 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ رشبھ پنت نے 28 اور دھرو جوریل نے 17 رنز بنائے۔ رویندر جڈیجا نے 22 جبکہ مانَو سوتھار نے 2 رنز بنائے۔
محمد سراج نے صرف 15 گیندوں پر 1 چوکا اور 4 چھکے لگاتے ہوئے ناقابل شکست 32 رنز کی میچ جتوانے والی اننگز کھیلی۔ ہندستان نے 45 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بناکر مقابلہ 6 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔
سری لنکا الیون کی جانب سے کیشرا نوانتا نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ وشوا فرنانڈو اور رمیش مینڈس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز 8 وکٹوں پر 363 رنز بناکر ڈکلیئر کردی تھی، جبکہ دوسری اننگز 6 وکٹوں پر 200 رنز کے اسکور پر ڈکلیئر کی۔ بھارت نے اپنی پہلی اننگز 6 وکٹوں پر 357 رنز بناکر ڈکلیئر کی تھی۔
