دمبولا، 31 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) ایمیشا دلانی کی شاندار ناٹ آوٹ سنچری کی بدولت سری لنکا ویمنز ٹیم نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
دمبولا میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی اوپنرز نے 66 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، تاہم درمیانی اوورز کے بعد وکٹیں گرنے کے باعث ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستان کی کپتان منیبہ علی نے 24 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ شوال ذوالفقار نے 63 رنز بنا کر ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور کیا۔ ایمان نصیر نے 21 اور عائشہ ظفر نے 17 رنز کا اضافہ کیا۔
سری لنکا کی جانب سے کویشا دلہاری نے دو جبکہ کاویا کاوندی، سوگاندیکا کماری اور چمودی پرابودا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے ایمیشا دلانی کی 101 رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کی بدولت 19 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ کپتان چماری اتاپتو نے 39 رنز کی اہم اننگز کھیل کر کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے دو جبکہ حمنہ بلال اور ام ہانی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا دوسرا مقابلہ 2 اگست جبکہ تیسرا اور آخری میچ 4 اگست کو کھیلا جائے گا۔
