سوئیڈن قرآن سوزی کی حرکت کر یورپ میں اسلام کے پھیلنے پر نہیں لگا سکتا قدغن : ڈاکٹر ایوب سرجن
نئی دہلی، 25 جنوری (مسرت ڈاٹ کام ) پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے سوئیڈن میں قرآن پاک کے نظر آتش کئے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک کی آج تک جب جب اسلام دشمنوں نے توہین کی ہے تب تب اسلام کی جانب لوگ راغب ہوئے اور اسلام کے ماننے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے ، جس سے پریشان سوئیڈن کے انتہا پسندوں کے ذریعہ قرآن پاک کو نظر آتش کیا جانا سوئیڈن حکومت کی فرقہ وارانہ و اسلاموفوبیا سوچ کا نتیجہ ہے ۔
اس مذموم حرکت نے جہاں پوری انسانیت کو شرمسار کیا، وہیں ایسی حرکت سے یورپ میں اسلام کے پھیلنے پر قدغن نہیں لگایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے سوئیڈن میں قرآن نظر آتش کئے جانے کے واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کی حفاظت کرنے والا اللہ ہے ، اور اس طرح کی حرکت کر اس کی عزت ، عظمت ،تقدس و وقار کو کوئی مجروح نہیں کر سکتا ہے ۔
ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ قرآن پاک کی توہین ایک وحشیانہ عمل ،اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مشتعل کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ غیر مسلموں کو چاہیئے کہ جس طرح مسلمان ان کے مذہبی شخصیتوں و کتابوں کا احترام کرتے ہیں ،اس طرح وہ بھی ان کے مقدس شخصیتوں و مذہبی کتابوں کا احترام کریں ۔یورپ میں جتنا زیادہ اسلامو فوبیا بڑھا ،اتنازیادہ نوجوان اسلام کی جانب راغب ہو رہے ہیں ۔آج اسلام یورپ میں تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے ۔عالم اسلام کو ایسے معاملات پر مزید ترجیح دینے کی ضرورت ہے ۔
قرآن کی توہین کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اس مذموم جرم پر نوٹس لینے کی ضرورت ہے ۔سوئیڈن کا یہ عمل عالمی قوانین کے خلاف ہے ۔انہوں کہا کہ پیس پارٹی اس مذموم حرکت کے لئے سوئیڈن سفارتخانہ کو مکتوب ارسال کر احتجاج درج کرائے گی ۔