امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا امریکی افواج نے ایرانی فوجی اہداف پر تازہ حملے مکمل کر لیے ہیں، جن میں ایرانی دفاعی نظام، میزائل، ڈرون اور بحری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ سینٹکام کے مطابق حملوں میں بوشہر، چاہ بہار، جسک، کونارک، ابو موسیٰ، بندرعباس کو بھی نشانہ بنایا گیا، ایران میں آبدوز اور جہازوں کی مرمت کے ایک مرکز پر بھی ڈرون حملے کیے گئے، جس کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔
گزشتہ روز امریکی حملوں میں پہلی بار کورسیئر ڈرون استعمال کیے گئے، سینٹرل کمانڈ کے مطابق بندر عباس نیول بیس پر ہونے والے ان حملوں سے ایران کی تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سینٹرل کمانڈ نے بیان میں یہ بھی کہا کہ یہ کارروائیاں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر کیے گئے ہیں، اور ان کا مقصد آبنائے ہرمز میں شہریوں اور تجارتی جہازوں کا تحفظ ہے، تاکہ ایرانی افواج کو بھاری نقصان پہنچے۔
کمانڈ کے مطابق ایران پر رات سوا 12 بجے حملوں کا آغاز کیا گیا۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران مسلسل بے وقوفی کر رہا ہے، اس کی ناکہ بندی بمباری سے زیادہ مفید ہے، ہم آبنائے ہرمز سے متعلق ایرانی صلاحیتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جمعرات کی شام وہ امریکی قوم سے خطاب کریں گے۔
