Masarrat
Masarrat Urdu

آبنائے ہرمز میں ایران نے 2 اماراتی ٹینکرز کو کروز میزائلوں سے نشانہ بنا دیا، ہندوستانی ہلاک

  • 14 Jul 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

ابوظبی، 14 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ جنوبی آبنائے ہرمز میں ایران نے 2 اماراتی ٹینکرز کو کروز میزائلوں سے نشانہ بنا دیا ہے، جس میں عملے کا ایک ہندوستانی رکن ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے ہیں۔

اماراتی وزارت دفاع کے مطابق آبنائے ہرمز کی جنوبی گزرگاہ میں 2 آئل ٹینکرز پر ایرانی کروز میزائلوں سے حملہ ہوا ہے، آئل ٹینکرز ’’ممباسا‘‘ اور’’باہیا‘‘ کو 2 ایرانی کروز میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، یہ حملہ عمان کی سمندری حدود میں کیا گیا۔

اماراتی وزارت دفاع نے کہا ٹینکر ’’ممباسا‘‘ پر حملے میں ہند نژاد عملے کا ایک رکن ہلاک ہو گیا، جب کہ حملے میں عملے کے 8 افراد بھی زخمی ہو گئے، جن میں سے 4 کی حالت تشویش ناک ہے۔

وزارت دفاع کے مطابق زخمیوں میں 6 ہندوستانیوں اور 2 یوکرینی شہری شامل ہیں، حملے کے نتیجے میں دونوں ٹینکرز کو نقصان پہنچا، میزائل لگنے سے بھڑک اٹھنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

یو اے ای وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ قومی ٹینکرز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ حملہ بین الاقوامی قانون کی سنگین اور کھلی خلاف ورزی ہے، اس سے خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے اور ریاست اس کشیدگی کا جواب دینے کا مکمل حق محفوظ رکھتی ہے۔

وزارت دفاع نے کہا کہ ملکی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

 

Ads