Masarrat
Masarrat Urdu

کویت، بحرین اور اردن میں امریکی اڈوں پر ڈرون حملے

  • 13 Jul 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 13 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) ایران کی جانب سے کویت، بحرین اور اردن میں جوابی حملے جاری ہیں، ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ خطے میں امریکی اڈوں پر ڈرون حملے کیے گئے ہیں۔

ارنا نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس نے اردن، کویت اور بحرین میں امریکی اڈوں، دفاعی نظام، میزائل تنصیبات اور بنکروں پر تباہ کن ڈرون حملے کیے ہیں۔ ایرانی فوج نے اپنے بیان میں ایران میں فوجی تنصیبات، شہری انفرااسٹرکچر اور شہریوں پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انھیں اقوامِ متحدہ کے منشور کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ فوج نے کہا مسلح افواج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، آزادی اور عوام کے دفاع کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی اور کسی بھی مزید جارحیت کا بھرپور جواب دیں گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے کویت میں واقع علی السالم اور احمد الجابر امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔

دوسری جانب کویتی فوج کے جنرل اسٹاف نے کہا ہے کہ ملک کا فضائی دفاعی نظام ملکی فضائی حدود میں داخل ہونے والے ’’دشمن فضائی اہداف‘‘ کو نشانہ بنا رہا ہے۔ بیان کے مطابق اگر کہیں دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں تو وہ فضائی دفاعی نظام کی جانب سے حملوں کو ناکام بنانے کی کارروائی کا نتیجہ ہیں، جب کہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی اور سیکیورٹی ہدایات پر عمل کریں۔

ادھر اردن کی فوج نے بتایا ہے کہ اس نے ایران کی جانب سے آنے والے چار میزائل، جو اردنی فضائی حدود میں داخل ہوئے تھے، تباہ کر دیے۔ اس سے قبل ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اردن کے پرنس حسن ایئربیس کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایندھن کے کئی ذخائر اور اسلحہ گوداموں میں آگ لگ گئی۔

 

Ads