ہندوستان نے کپتان شریاس ائیر کی ناٹ آؤٹ 80 رن کی بہترین نصف سنچری کی مدد سے سات وکٹوں پر 158 رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا تھا لیکن انگلینڈ نے 13.5 اوور میں ایک وکٹ پر 159 رن بنا کر مقابلہ یکطرفہ انداز میں ختم کر دیا۔
150 سے زیادہ رنوں کے تعاقب میں یہ انگلینڈ کی طرف سے سب سے تیز ترین رن کا تعاقب ہے۔ سیریز بھی ہندوستانی ٹیم ہار چکی ہے۔ کپتان شریاس کا اپنی پہلی جیت کا انتظار برقرار رہے گا۔ 2018-19 کے بعد پہلی بار ایسا ہوا ہے جب ہندوستانی ٹیم لگاتار دو ٹی 20 سیریز ہاری ہے۔
اس میچ کی بات کریں تو ہندوستانی ٹیم جب بلے بازی کر رہی تھی تو انگلینڈ کے گیند بازوں نے شارٹ اور بیک آف لینتھ گیندوں سے بلے بازوں کو کافی پریشان کیا۔ ساتھ ہی اسپنروں نے بھی کمال کی گیند بازی کی۔ ایسا لگا کہ پچ کافی دھیمی ہے لیکن ہندوستانی گیند باز پچ اور حالات کے مطابق اچھی گیند بازی کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ ساتھ ہی سالٹ اور بروک نے جس طرح کی بلے بازی کی وہ قابل تعریف ہے۔ سالٹ نے 42 گیندوں کی اننگز میں نو چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ بروک نے 35 گیندوں میں اٹھ چوکے اور چار چھکے لگائے۔
اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے اتری ہندوستان کی شروعات خراب رہی اور اس نے 48 رن تک پہنچتے پہنچتے اپنے چوٹی کے تین بلے باز گنوا دیے۔ ویبھو سوریاونشی 15، ایشان کشن چار اور ابھشیک شرما 16 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، لیکن ائیر نے اس کے بعد کپتانی کی ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے 49 گیندوں میں چار چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 80 رن کی شاندار اننگز کھیل کر ہندوستان کو لڑنے کے قابل اسکور تک پہنچا دیا۔ حالانکہ ہندوستان یقینی طور پر اچھے اسکور سے کافی پیچھے رہا۔2025 سے اس میدان پر پہلی اننگز کا اوسط اسکور 166 رہا ہے اور یہ کہنا درست ہوگا کہ ہندوستان کا اسکور امید سے کم رہا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے ایک اور شاندار گیند بازی کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ پاور پلے میں 'ہارڈ لینتھ' والی گیندوں نے کمال کیا۔ جوفرا آرچر نے ایک بار پھر ویبھو کو آؤٹ کیا اور ایشان کشن، جوش ٹنگ کا شکار بنے۔
عادل راشد نے اپنے پہلے ہی اوور میں ابھشیک کو آؤٹ کر دیا۔ ہندوستان کے ٹاپ تین بلے باز - جو سبھی بائیں ہاتھ کے تھے - 'کراس دی لائن' شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہو گئے۔ شریاس ائیر اور شیوم دوبے (22) نے پچاس رنوں کی شراکت داری کی، لیکن ان کے اسکور کرنے کی رفتار سے انگلینڈ کو زیادہ پریشانی نہیں ہوئی۔ تلک ورما 11 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ واشنگٹن سندر پانچ اور اشر پٹیل ایک رن بنا کر پویلین لوٹے۔ کپتان شریاس نے 18ویں اوور میں عادل راشد کی گیندوں پر 6، 4 اور 6 رن بنا کر ان پر دباؤ بنایا لیکن آخری دو اووروں میں انگلینڈ کی کارکردگی پھر سے بہترین رہی - کوئی باؤنڈری نہیں، 8 رن اور 2 وکٹیں - کیونکہ انہوں نے اپنی گیند بازی کی تبدیلیوں کا بخوبی استعمال کیا۔
