Masarrat
Masarrat Urdu

دہلی میں جگہ جگہ پانی جمع ، بی جے پی حکومت کے دعوؤں کی قلعی کھلی : عآپ

Thumb

نئی دہلی، 09 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) قومی راجدھانی میں لگاتار بارش کے بعد مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورتحال پر عام آدمی پارٹی (عآپ) نے دہلی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جگہ جگہ پانی کا جمع ہونا بی جے پی کے دعوؤں کی پول کھول رہا ہے۔

عآپ کے دہلی پردیش صدر سوربھ بھاردواج نے جمعرات کو الزام لگایا کہ راجدھانی میں جگہ جگہ پانی جمع ہونا بی جے پی حکومت کے دعوؤں کی پول کھول رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بنی سڑکوں پر بھی پانی بھر گیا ہے اور اس بار ایشیا کے سب سے بڑے ہول سیل بازار صدر بازار میں بھی جل بھراؤ کی صورتحال دیکھنے کو ملی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پانی جمع ہونے کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں بنی سڑکوں پر سرکاری فنڈز خرچ کیے گئے لیکن پہلی ہی بارش میں سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ”دہلی میں سب جگہ بی جے پی حکومت کا وکاس بہہ رہا ہے۔“

کونڈلی سے ایم ایل اے کلدیپ کمار نے کہا کہ دہلی میں نالوں کی ذمہ داری سنبھالنے والی چاروں اہم ایجنسیاں پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی)، میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی)، محکمہ سیلاب و آبپاشی اور دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) بی جے پی حکومت کے تحت ہیں۔ ایسے میں حکومت اب پانی جمع ہونے کے لیے کسی دوسری ایجنسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نالوں کی صفائی اور گاد نکالنے کے کام میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ہوئی ہیں اور غیر جانبدارانہ جانچ ہونے پر کروڑوں روپے کے گھوٹالے کا انکشاف ہو سکتا ہے۔ وہیں، ایم سی ڈی میں اپوزیشن لیڈر انکش نارنگ نے کہا کہ محض دو دن کی بارش نے بی جے پی کی ”چار انجن حکومت“ کے دعوؤں کی حقیقت سامنے لا دی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ لکشمی نگر، ونود نگر سمیت کئی علاقوں میں سڑکیں زیر آب ہیں، جس سے عام شہریوں، دکانداروں اور اسکول جانے والے بچوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بی جے پی حکومت پر جل بھراؤ کے مسئلے کا حل تلاش کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا۔

 

Ads