Masarrat
Masarrat Urdu

ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کے خلاف 23 سال بعد ٹیسٹ سیریز جیت لی

Thumb

نارتھ ساؤنڈ، 8 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ میچ ہائی اسکورنگ مقابلے کے بعد پانچویں دن ڈرا پر ختم ہو گیا۔ اس ڈرا کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-0 سے اپنے نام کر لی ہے۔ سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ویسٹ انڈیز کی یہ گزشتہ 23 برس میں پہلی ٹیسٹ سیریز جیت ہے۔

میچ کے آخری دن سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز 92 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی اور انتہائی جارحانہ انداز اپنایا۔ کپتان دھننجیا ڈی سلوا (34)، سونال دنوشا (71) اور ملان رتنائکے (ناٹ آؤٹ 20) نے تیز رفتار اننگز کھیلیں جبکہ کامنڈو مینڈس 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کا مقصد ایک ایسا بڑا ہدف دینا تھا جسے ویسٹ انڈیز عبور نہ کر سکے اور ساتھ ہی ان کے بالرز کو میچ جیتنے کے لیے پورا وقت مل جائے۔ ویسٹ انڈیز نے دفاعی لائن اپ کے ساتھ انہیں روکنے کی کوشش کی، تاہم سری لنکا نے صبح کے سیشن میں 5.79 کے رن ریٹ سے 139 رنز بنا ڈالے۔ جارحانہ مزاج کی وجہ سے لنکن ٹیم کی وکٹیں تو گریں لیکن وہ ایک بڑا ہدف سیٹ کرنے میں کامیاب رہے اور دوسری اننگز 251 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 300 سے زائد رنز کا ہدف دیا۔

جب ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو سری لنکن پیسرز کو پچ سے غیر معمولی باؤنس ملا، لیکن ویسٹ انڈیز کے اوپنرز جان کیمبل اور برینڈن کنگ نے انتہائی نپی تلی بیٹنگ کی۔ چائے کے وقفے کے دوران دو بار ہلکی بارش نے کھیل میں خلل ڈالا، لیکن کھیل جلد ہی دوبارہ شروع ہو گیا۔

کھیل کے دوران سری لنکن اسپنر پر بھات جیاسوریا کی ایک گیند پر امپائر نے برینڈن کنگ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا، تاہم بلے باز نے ریویو لیا جس میں امپائر کا فیصلہ غلط ثابت ہوا اور کنگ ناٹ آؤٹ رہے۔ آخری سیشن میں دونوں اوپنرز، برینڈن کنگ (ناٹ آؤٹ 51) اور جان کیمبل (ناٹ آؤٹ 51) نے اپنی ففٹیاں مکمل کیں، جس کے بعد دونوں کپتانوں نے باہمی رضامندی سے میچ ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور میچ ڈرا ہو گیا۔

 

Ads