تفصیلات کے مطابق ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے سفرِ آخرت کے سلسلے میں ملک بھر میں فضا سوگوار ہے، جہاں ان کی آخری رسومات اور نمازِ جنازہ کے موقع پر تہران میں تاریخ کے سب سے بڑے انسانی اجتماع کی تیاریاں جاری ہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا نے بتایا کہ شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی نمازِ جنازہ کے دن دارالحکومت تہران میں 2 کروڑ سے زائد افراد کی آمد متوقع ہے۔ تہران کی اپنی موجودہ آبادی پہلے ہی تقریباً ایک کروڑ ہے، تاہم ملک کے طول و عرض سے کروڑوں سوگواروں کی تہران آمد کے پیشِ نظر بڑے پیمانے پر انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
سرکاری میڈیا نے مزید بتایا کہ تہران کے مرکزی جنازے کے علاوہ قم اور مشہد کے شہروں میں بھی سپریم لیڈر کی یاد میں نمازِ جنازہ اور تعزیتی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
دوسری جانب، شہید سپریم لیڈر کا جسدِ خاکی تہران کی مرکزی امام بارگاہ امام خمینی منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اہلخانہ، قریبی رفقا، اعلیٰ ایرانی حکام اور شہدا کے خاندان آخری دیدار کے لیے موجود ہیں۔ پہلے الوداعی اجتماع میں رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے جہاں ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔
اس دوران شہید آیت اللہ خامنہ ای کے داماد شہید ڈاکٹر مصباح باقری کی نمازِ جنازہ آج شام پانچ بجے ادا کی جائے گی۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ شہید رہبرِ اعلیٰ کی تجہیز و تکفین میں دنیا بھر کے 100 سے زائد ممالک کے سرکاری مہمان اور اعلیٰ سطح کے وفود شرکت کر رہے ہیں، جس کے لیے سیکیورٹی اور پروٹوکول کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
