Masarrat
Masarrat Urdu

وینس نے امریکی حملوں کے بعد ایران کو خبردار کر دیا: جارحیت کا جواب جارحیت سے دیا جائے گا

  • 27 Jun 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

واشنگٹن، 27جون (مسرت ڈاٹ کام) امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے جمعہ کو ایران کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی نئے حملے کا جواب طاقت سے دیا جائے گا۔ یہ بیان اُن امریکی حملوں کے بعد سامنے آیا ہے، جن میں آبنائے ہرمز کے اطراف ایرانی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ اطلاع العربیہ اردو نے دی۔

وینس نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ ایران نے جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جبکہ امریکا نے بھی اس معاہدے کی مکمل پاسداری کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر تہران کو مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر عمل درآمد کے طریقۂ کار پر کوئی اعتراض ہے، تو وہ اسے سفارتی ذرائع سے اٹھا سکتا ہے، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ جارحیت کا جواب جارحیت سے دیا جائے گا۔

وینس کا یہ بیان امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کی جانب سے اس اعلان کے بعد سامنے آیا، جس میں کہا گیا تھا کہ ایران کے میزائل اور ڈرون ذخیرہ کرنے کے مقامات، نیز ساحلی ریڈار تنصیبات پر حملے کیے گئے ہیں۔

امریکی فوج کے مطابق یہ کارروائی آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک تجارتی جہاز پر حملے کے جواب میں کی گئی۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھ رہی ہے، حالانکہ اس سے قبل دونوں فریق جنگ بندی کے ایک معاہدے پر پہنچ چکے تھے، جس کا مقصد خطے میں کشیدگی کو محدود کرنا اور دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں سے ایک، آبنائے ہرمز، میں جہاز رانی کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔

Ads