جمعہ کو جاری ایک بیان میں مسٹر سرجیوالا نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت نے پاسپورٹ بنوانا 2,000 روپے تک مہنگا کر دیا ہے۔ ان کے مطابق 36 صفحات والے نئے پاسپورٹ کی عام کیٹیگری کی فیس 1,500 روپے سے بڑھا کر 2,500 روپے اور تتکال (فوری) کیٹیگری کی فیس 3,500 روپے سے بڑھا کر 5,000 روپے کر دی گئی ہے۔ اسی طرح 60 صفحات والے پاسپورٹ کی عام فیس 2,000 روپے سے بڑھا کر 3,500 روپے اور تتکال فیس 4,000 روپے سے بڑھا کر 6,000 روپے کر دی گئی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گمشدہ یا خراب شدہ پاسپورٹ کو دوبارہ بنوانے، نابالغوں کے پاسپورٹ، پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ (پی سی سی)، سرٹیفکیٹ آف آئیڈنٹٹی اور دیگر متعلقہ دستاویزات کی فیس میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
کانگریس رہنما نے دعویٰ کیا کہ ان فیس میں اضافے سے عام شہریوں، طلبہ اور بیرون ملک جانے کی تیاری کر رہے نوجوانوں پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔ انہوں نے وزارتِ خارجہ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سال 2014 سے 2024 کے آخر تک 17.10 لاکھ سے زیادہ ہندوستانی شہری اپنی شہریت چھوڑ چکے ہیں، جبکہ ہندوستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی 75 ویں نمبر پر ہے۔ مسٹر سرجیوالا نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت عوام کو راحت دینے کے بجائے مسلسل مالی بوجھ بڑھانے والی پالیسیاں اپنا رہی ہے۔
