بیروت، 26 جون (،سرت ڈاٹ کام) حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے کہا ہے کہ اسلامی مزاحمت نے دنیا کو حیران کر دیا ہے اور ہمارا صبر ہی وہ قوت ہے جو مستقبل کی تشکیل کرے گا، حالات کا رخ بدلے گا اور طاغوتی قوتوں کو شکست دے گا۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے ضاحیہ میں خطاب کرتے ہوئے شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ صبر وہ راستہ ہے جسے مزاحمت نے شعوری طور پر منتخب کیا ہے، اور یہی راستہ جدوجہد، استقامت اور بالآخر کامیابی کا بنیادی ستون ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی مزاحمت نے اپنی استقامت اور قربانیوں سے دنیا کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مزاحمت کا صبر مستقبل کی سمت متعین کرے گا، نئے معادلات قائم کرے گا اور ظلم و جبر کی قوتوں کو شکست سے دوچار کرے گا۔
حزب اللہ کے سربراہ نے عاشورہ کے پیغام کو صبر، استقامت اور حق کے لیے ثابت قدمی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مزاحمت کا راستہ ہی عزت، آزادی اور کامیابی کی ضمانت ہے۔
