Masarrat
Masarrat Urdu

بورگن اشٹوک اجلاس: ایران۔امریکہ مذاکرات میں اہم پیش رفت، قطر اور پاکستان کا مشترکہ بیان

  • 22 Jun 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

بورگن اشٹوک (سوئٹزرلینڈ) 22 جون (مسرت ڈاٹ کام) سوئٹزرلینڈ کے بورگن اشٹوک میں منعقدہ اعلی سطحی مذاکراتی اجلاس کے اختتام پر قطر اور پاکستان نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان حتمی معاہدے کے لیے ساٹھ روزہ روڈ میپ پر اتفاق ہوگیا ہے اور فنی مذاکرات فوری طور پر جاری رہیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قطر اور پاکستان نے سوئٹزرلینڈ کے علاقے بورگن اشٹوک میں ہونے والے اجلاس کے اختتام پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔

ثالثی کرنے والے دونوں ملکوں کے بیان کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے فریم ورک کے تحت ہونے والے پہلے اعلیٰ سطحی مذاکراتی اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران، ریاستہائے متحدہ امریکہ اور دونوں ثالث ممالک، قطر اور پاکستان، کے نمائندوں نے شرکت کی۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جھیل لوسرن کے قریب منعقدہ یہ اجلاس مثبت اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوا، جس کے دوران حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی، جن میں مزید فنی مذاکرات کے لیے ایک باضابطہ طریقہ کار کا قیام بھی شامل ہے۔

فریقین نے ایک اعلی سطحی کمیٹی کے قیام پر اتفاق کیا ہے جو مذاکراتی عمل اور ثالثی کی سیاسی نگرانی کی ذمہ داری سنبھالے گی۔ سینئر مذاکرات کار باقاعدگی سے اس کمیٹی کو اپنی پیش رفت سے آگاہ کریں گے، جبکہ جوہری مسئلے، پابندیوں اور تنازعات کے حل و نگرانی سے متعلق خصوصی ورکنگ گروپس بھی تشکیل دیے جائیں گے۔

بیان کے مطابق اعلی سطحی کمیٹی نے حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ساٹھ روزہ روڈ میپ کی منظوری دی ہے، جس کے بعد مزید تکنیکی مذاکرات فوری طور پر شروع کیے جائیں گے۔

فریقین نے ایک خصوصی مواصلاتی رابطہ لائن قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے تاکہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنایا جاسکے اور کسی بھی ممکنہ واقعے یا غلط فہمی سے بچا جاسکے۔

مزید برآں، لبنان میں فوجی کارروائیوں کے خاتمے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے فریقین، لبنان اور ثالث ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے ایک خصوصی یونٹ کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام فنی مذاکرات ہفتے کے اختتام تک بورگن اشٹوک میں جاری رہیں گے، جبکہ قطر اور پاکستان اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھیں گے کہ مذاکرات تعمیری ماحول میں آگے بڑھتے رہیں اور ایک حتمی معاہدے تک پہنچا جا سکے۔

قطر اور پاکستان نے ایران اور امریکہ کی جانب سے سفارت کاری اور تنازع کے پرامن حل کے لیے مسلسل وابستگی کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ثالث ممالک نے ان تمام برادر اور دوست ممالک کا بھی اظہارِ تشکر کیا ہے جنہوں نے جاری مذاکرات میں مسلسل تعاون اور قیمتی حمایت فراہم کی۔

Ads