Masarrat
Masarrat Urdu

این ٹی اے نے امتحان کا مرکزابو ظہبی الاٹ کرنے کے تنازع پر جاری کی وضاحت

Thumb

نئی دہلی، 20 جون (مسرت ڈاٹ کام) نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے ناگپور کے ایک امیدوار کو امتحان کا مرکز ابو ظہبی الاٹ کیے جانے سے متعلق معاملے پر وضاحت جاری کی ہے۔

این ٹی اے کے ذرائع نے بتایا کہ نیٹ (یو جی) 2026 امتحان کو 21 جون تک دوبارہ مقرر کیے جانے کے بعد امیدواروں کی سہولت کے لیے امتحان کےلیئے مرکز الاٹمنٹ کی تصحیح کی ونڈو دوبارہ کھولی گئی تھی، تاکہ وہ اپنی پسند کے مطابق امتحانی مرکز کے شہر میں تبدیلی کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 3.2 لاکھ امیدواروں نے اس تصحیح کی سہولت کا استعمال کیا اور ان میں سے 99.5 فیصد سے زیادہ کو ان کی پسند کا امتحانی شہر الاٹ کیا گیا۔ ایجنسی نے کہا کہ متعلقہ معاملے میں دستیاب ویب ایکٹیویٹی ریکارڈز ظاہر کرتے ہیں کہ ابو ظہبی کو امتحانی شہر کے طور پر امیدوار کے اپنے رجسٹرڈ لاگ ان کے ذریعے تصحیح کی مدت کے دوران منتخب کیا گیا تھا۔ ریکارڈ میں ایک ہی صارف کے ذریعہ مسلسل کی گئی سرگرمیاں درج ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے باوجود 19 جون کی شام، امتحان سے محض 48 گھنٹے پہلے، غیر سرکاری طور پر امتحانی مرکز کو ناگپور تبدیل کرنے کی درخواست موصول ہوئی۔ این ٹی اے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسی شام امیدوار کے والد سے رابطہ کیا اور ضروری رسمی طریقہ کار پورا کرنے میں مدد کی۔ اس کے بعد مرکز کی تبدیلی کا عمل شروع کر دیا گیا۔ این ٹی اے نے یہ بھی کہا کہ اس کے ریکارڈ میں تین بار ایسی سرگرمی درج ہے، جن میں ایک بار امیدوار کی اسناد (کریڈنشیلز) کا استعمال کرتے ہوئے مرکز کو ابو ظہبی میں تبدیل کیا گیا اور دو بار ابو ظہبی مرکز کا پری ویو کیا گیا۔ اس کے باوجود ایجنسی نے امیدوار کے مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے مرکز کی تبدیلی کی درخواست کو قبول کیا۔ این ٹی اے نے دہرایا کہ اس کی "اسٹوڈنٹ فرسٹ" پالیسی کے تحت کسی بھی امیدوار کو انتظامی یا تکنیکی شبہات کی وجہ سے امتحان سے محروم نہیں ہونے دیا جائے گا۔

 

Ads