بغداد، 8 جون (مسرت ڈاٹ کام) عراقی ذرائع کے مطابق بغداد اور طوز خورماتو میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ بغداد کی فضاؤں میں نامعلوم اشیاء کی موجودگی کا دعوی کیا گیا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے مختلف علاقوں سے دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔
المیادین کے مطابق بغداد میں موجود اس کے نامہ نگار نے بتایا کہ عراقی دارالحکومت کے مختلف حصوں میں زور دار دھماکوں کی آواز سنی گئی، تاہم اس کی نوعیت اور مقام کے بارے میں فوری طور پر کوئی سرکاری وضاحت سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب عراقی ذرائع نے صوبہ صلاح الدین کے علاقے طوز خورماتو میں بھی دھماکے کی آواز سنائی دینے کی اطلاع دی ہے۔ تاحال ان واقعات کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی۔
اسی دوران بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بغداد اور بیروت کی فضاؤں میں نامعلوم اشیاء دیکھی گئی ہیں، تاہم ان اطلاعات کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
ادھر اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف حالیہ کارروائی کے دوران کوئی اسرائیلی طیارہ ایرانی فضائی حدود میں داخل نہیں ہوا، بلکہ تمام حملے عراق کی سرزمین اور سمندری علاقوں سے کیے گئے۔ تاہم اس دعوے کے حوالے سے آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔
