Masarrat
Masarrat Urdu

تمیم اقبال بلامقابلہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر منتخب، الیکشن میں کلین سوئیپ

Thumb

میرپور، 7 جون (مسرت ڈاٹ کام)بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان تمیم اقبال بلامقابلہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے نئے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ اتوار کو ہونے والے بورڈ انتخابات کے بعد کسی دوسرے امیدوار نے صدارتی عہدے کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع نہیں کرائے، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے میرپور میں ان کی کامیابی کا باقاعدہ اعلان کیا۔موجودہ بی سی بی ایڈہاک کمیٹی کے امیدواروں نے انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کی، جس میں تمیم اقبال منتخب ہونے والے تمام ڈائریکٹرز میں سب سے زیادہ ووٹ لینے میں کامیاب رہے اور بعد ازاں انہیں بورڈ کے سب سے اعلیٰ عہدے کے لیے نامزد کیا گیا۔ اباہنی کلب کے کونسلر فہیم سنہا کو بورڈ کا نائب صدر نامزد کیا گیا ہے۔تمیم اقبال نے کیٹیگری 2 (ڈھاکہ کے کلب کونسلرز) میں کاسٹ کیے گئے 76 میں سے 73 ووٹ حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس کیٹیگری میں 12 ڈائریکٹرز کی نشستوں کے لیے 16 امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا۔

سعید ابراہیم احمد اور اسرافیل خسرو 72، 72 ووٹ لے کر مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہے۔

محمڈن کلب کے کونسلر مسعود الزماں نے 70 ووٹ، یاسر محمد فیصل عاشق نے 68 ووٹ حاصل کیے۔ فہیم سنہا اور شانیان تنیم کو 66، 66 ووٹ ملے۔ ثاقب احمد سلام نے 65، آصف ربانی نے 64، مرزا یاسر عباس نے 63، محمد رفیق الاسلام بابو نے 53 اور پروفیسر ڈاکٹر سرکار محبوب احمد شمیم نے 41 ووٹ حاصل کر کے ڈائریکٹر کی نشستیں جیتیں۔

 

Ads