راہل گاندھی نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ سارتھک کی عمر اگرچہ صرف 18 سال ہے، لیکن اس کی سوچ، جرات اور اصول پسندی کسی سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سارتھک اور اس کے ساتھی نِسرگ نے وہ کام کر دکھایا جو ملک کے بڑے میڈیا ادارے اور تحقیقاتی صحافی بھی نہ کر سکے، اور انہوں نے سی بی ایس ای اور سی او ای ایم پی ٹی (سی او ای ایم پی ٹی) کی مبینہ ملی بھگت کو عوام کے سامنے رکھا۔؎
انہوں نے کہاکہ "حکومت چاہتی ہے کہ نوجوان صرف تفریح میں مصروف رہیں اور سوال نہ کریں، لیکن ان نوجوانوں نے نہ صرف سوالات اٹھائے بلکہ ان کے جوابات بھی تلاش کیے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کے نوجوان باشعور، متجسس اور باخبر ہیں، اور ہندوستان کا مستقبل کسی گمراہ کن پروپیگنڈے کا شکار ہونے والا نہیں۔ ملک کا 18 سالہ نوجوان سی بی آئی سے بھی تیز نکلا۔ نوجوانوں کی یہ کامیابی درحقیقت حکومت کی ناکامی ہے۔"
قابلِ ذکر ہے کہ سارتھک اور نِسرگ نے سی بی ایس ای کے امتحانی نظام سے متعلق ایک ٹینڈرنگ عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں اور سائبر سکیورٹی سرٹیفکیٹس کے حوالے سے سوالات اٹھائے تھے۔ ان دونوں نوجوانوں کی تحقیقات کے بعد یہ معاملہ قومی سطح پر زیرِ بحث آیا اور امتحانی نظام میں شفافیت اور جوابدہی کے موضوع پر نئی بحث شروع ہو گئی۔
راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں سارتھک کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئر کی اور لکھاکہ "سارتھک پورے نظام پر بھاری"۔
