تہران، 7 جون (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امام موسی کاظمؑ کے یوم ولادت کے موقع پر کہا ہے کہ موجودہ حالات میں معاشرے کو پہلے سے کہیں زیادہ رواداری، مکالمے، اختلاف رائے کو برداشت کرنے، یکجہتی اور باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امام موسی کاظمؑ کے یوم ولادت پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صبر، برداشت اور قومی یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے ایک سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی پوسٹ میں امام موسی کاظمؑ کی حدیث نقل کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص لوگوں پر اپنے غصے کو قابو میں رکھتا ہے، قیامت کے دن اللہ تعالیٰ بھی اس پر اپنے غضب کو روک لے گا۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ امام موسی کاظمؑ کی سیرت ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ معاشرے غصے، تلخی، محاذ آرائی اور مصنوعی تقسیم کے ذریعے ترقی نہیں کرتے، بلکہ صبر، برداشت اور باہمی احترام سے مضبوط ہوتے ہیں۔
انہوں نے موجودہ حالات کے تناظر میں اس بات پر زور دیا کہ آج معاشرے کو پہلے سے کہیں زیادہ مکالمے، اختلاف رائے کو برداشت کرنے، قومی یکجہتی اور مشترکہ تعاون کی ضرورت ہے تاکہ مختلف طبقات مل کر ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے کردار ادا کر سکیں۔
