Masarrat
Masarrat Urdu

لبنان جنگ بندی اور معاہدے کا لازمی حصہ ہوگا، حزب اللہ کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں، جنرل رضائی

  • 05 Jun 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 5 جون (مسرت ڈاٹ کام) محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایران اپنے اتحادی حزب اللہ کی مکمل حمایت جاری رکھے گا، لبنان کو کسی بھی جنگ بندی سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب کے سابق کمانڈر اور مجمع تشخیص مصلحت نظام کے رکن محسن رضائی نے عید غدیر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنے اتحادی حزب اللہ کے ساتھ اپنے عہد پر مضبوطی سے قائم ہے اور لبنان کسی بھی ممکنہ معاہدے یا جنگ بندی کا لازمی حصہ ہوگا۔

محسن رضائی نے کہا کہ حالیہ جنگ کے دوران حزب اللہ نے بڑی قربانیاں دی ہیں، اس لیے ایران اس کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ صہیونی حکومت لبنان پر دباؤ ڈال کر ایران کو مذاکرات میں کمزور کرنا چاہتی تھی، تاہم ایران نے اس کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی دفاعی تیاری مکمل رکھی۔

انہوں نے امریکہ پر مذاکرات میں بار بار بدعہدی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے مختلف مراحل میں اپنے وعدوں کی خلاف ورزی کی اور اس طرزِ عمل سے مذاکراتی عمل اور باہمی اعتماد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

جنرل رضائی نے آبنائے ہرمز کو ایران کی اہم دفاعی اور تزویراتی قوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایران کے لیے ایک مضبوط ہتھیار ہے۔ دشمن کو یا تو حقیقت پسندانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے ایران کی شرائط قبول کرنا ہوں گی یا پھر سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے خلیج فارس کے بعض ممالک کی پالیسیوں پر بھی تنقید کی اور کہا کہ خطے کے ممالک کو مستقبل کے بدلتے ہوئے عالمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی حکمت عملی ترتیب دینی چاہیے۔

محسن رضائی نے اس بات پر زور دیا کہ خلیج فارس اور مغربی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے علاقائی ممالک کے درمیان ایک نئے نظامِ تعاون اور اتحاد کی ضرورت ہے، جس میں ایران، ترکی، مصر، پاکستان، سعودی عرب اور دیگر ممالک شامل ہوں۔ ایسا اتحاد عالمی سطح پر ایک بڑی طاقت بن سکتا ہے۔

انہوں نے ایرانی عوام کی مزاحمت، صبر اور حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کی استقامت ہی ملک کی اصل طاقت ہے اور مستقبل میں اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

Ads