تہران، 3 جون (مسرت ڈاٹ کام) سپاہِ پاسداران نے ایرانی آئل ٹینکر، مواصلاتی ٹاور اور آبنائے ہرمز کی سلامتی کے خلاف امریکی کارروائیوں کے جواب میں امریکی بحری بیڑے کے مرکز، فضائی و ہیلی کاپٹر اڈے اور بحری جہاز کو میزائل و ڈرون حملوں کا نشانہ بنانے کا اعلان کیا۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب ایک ایرانی آئل ٹینکر پر امریکی حملے اور جزیرہ قشم کے جنوب میں سپاہ کے مواصلاتی ٹاور کو نشانہ بنائے جانے کے جواب میں امریکی پانچویں بحری بیڑے کے مرکز، خطے میں موجود ایک امریکی فضائی و ہیلی کاپٹر اڈے اور دشمن کے ایک بحری جہاز پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے ہیں۔
سپاہ پاسداران کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ شب امریکی فوج نے آبنائے ہرمز کے قریب ایک ایرانی آئل ٹینکر کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ٹینکر کے انجن والے حصے کو نقصان پہنچا۔
بیان کے مطابق اس کارروائی کے جواب میں امریکی اور صہیونی حکومت سے وابستہ "پانایا" نامی بحری جہاز کو سپاہ کی بحریہ کے میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
سپاہ نے مزید دعوی کیا کہ بعد ازاں امریکی فورسز نے ایک بار پھر جزیرہ قشم کے جنوب میں واقع سپاہ کے مواصلاتی ٹاور پر فضائی حملہ کیا، جس کے ردعمل میں سپاہ کی فضائیہ نے خطے میں موجود ایک امریکی فضائی اور ہیلی کاپٹر اڈے کے ساتھ ساتھ امریکی پانچویں بحری بیڑے کے مرکز پر میزائل اور ڈرون حملے کیے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ کسی بھی نئی جارحیت کی صورت میں پہلے سے زیادہ سخت اور مختلف جواب دیا جائے گا، اور حالیہ کارروائیاں اسی انتباہ کا عملی اظہار ہیں۔
سپاہِ پاسداران نے اپنے بیان کے اختتام پر ایک بار پھر خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز کی سیکورٹی کو نقصان پہنچانے یا وہاں عدم استحکام پیدا کرنے کی ہر کوشش کا امریکی فوج کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
